ہائیکورٹ سے تین ہفتوں کی مہلت، وکیل کی درخواست پر عدالت میں سماعت
حیدرآباد۔29۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات اور ان پر بھرتیوں کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات سے متعلق تمام تفصیلات اندرون تین ہفتہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی آئندہ سماعت 29 ڈسمبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف جسٹس آف تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین نے مفاد عامہ کے تحت داخل کی گئی رٹ پٹیشن نمبر 65/2025 کی سماعت کے دوران محکمہ داخلہ کی جانب سے پیش کئے گئے استدلال کی سماعت کے بعد اس بات کی ہدایت دی کہ آئندہ 3ہفتوں کے دوران محکمہ داخلہ‘ تلنگانہ پبلک سروس کمیشن ‘ کے علاوہ تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات اور جاری کئے گئے اعلامیہ کے علاوہ پولیس کانسٹبلس کے عہدوں پر تقرر کے لئے جاری اقدامات کی تفصیلات پیش کریں۔ جناب برکت علی خان ایڈوکیٹ نے محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں پر عدم تقررات کے سبب ہونے والے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے عدالت میں پیش کی گئی درخواست میں بتایا تھا کہ ریاست میں زائد از 14ہزار سے زائد مخلوعہ جائیدادیں ہیں جن پر تقررات کئے جانے ہیں۔ جناب برکت علی خان نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست مفاد عامہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ منیش کمار بمقابلہ یونین آف انڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں کے معاملہ میں ازخود کاروائی کرتے ہوئے اقدامات کی ہدایت دی تھی۔تلنگانہ ہائی کورٹ نے گذشتہ سماعت کے دوران اس مقدمہ میں کورٹ رجسٹری کو اس بات کی ہدایت دی تھی کہ وہ مذکورہ مقدمہ میں کی گئی کاروائی کے سلسلہ میں عدالت کو تفصیلات سے واقف کروایا جائے ۔ 17 ستمبر کو دی گئی اس ہدایت کے بعد رجسٹری نے گذشتہ سماعت کے دوران درخواست گذار کی جانب سے پیش کی جانے والی تفصیلات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین کو مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔جناب برکت علی خان نے عدالت میں داخل کی گئی درخواست میں بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں مجموعی طور پر 14ہزار935 جائیدادیں مخلوعہ ہیں اور یہ اعداد وشمار فروری 2025تک کے ہیں ان کے مطابق 11ہزار 713 کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جانے ہیں جبکہ 739 سب انسپکٹران کے عہدوں پر تقررات کئے جانے ہیں۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے مقدمہ کی سماعت کے بعد متعلقہ محکمہ جات اور فریقین کو مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے تمام تر اقدامات کی تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔3