کاماریڈی۔ 14جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ عربیہ کاشف العلوم کاماریڈی میں تکمیلِ حفظِ قرآن اور دستار بندی کی ایک باوقار تقریب منعقدہ ہوئی، جس میں معروف عالم دین شاہ جمال الرحمن مفتاحی کی خصوصی آمد ہوئی۔ صدر مدرس مفتی حسین احمد حسامی کے مطابق یہ ادارہ کاماریڈی شہر کا قدیم دینی مرکز ہے، جس کی بنیاد 1980ء میں بانی ادارہ شیخ جلیل احمدنے اپنے رفقا کے تعاون سے رکھی تھی۔ بعد ازاں ادارہ کی از سرِ نو تعمیر اور توسیع کی ذمہ داری محمد زین العابدین مرحوم اور محمد علی شبیر نے سنبھالی جس کے نتیجے میں آج یہ ادارہ عصری سہولتوں سے آراستہ ایک مؤثر تعلیمی مرکز کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، جہاں دینی و عصری علوم کی تعلیم دی جارہی ہے اور یہاں سے فارغ ہونے والے طلبہ ملک و بیرونِ ملک خدمات انجام دے رہے ہیں۔جس میں بارہ طلبہ کی تکمیلِ حفظِ قرآن اور دستار بندی شاہ جمال الرحمن مفتاحی کے ہاتھوں انجام پائی۔ اس موقع پر صدر مدرسہ محمد نعیم الدین، محمد علی شبیر، ناظمِ ادارہ شیخ نور الالیاس کاشفی اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ ادارہ میں حفظِ قرآن کے ساتھ ساتھ کتابتِ قرآن کی تربیت بھی دی جاتی ہے اور اس موقع پر 11 طلبہ کی جانب سے اپنے ہاتھوں سے تحریر کردہ مکمل قرآنِ مجید کا مشاہدہ کرایا گیا۔ تقریب میں اساتذہ حافظ محمد امتیاز کاشفی، مفتی فضل الرحمان رشیدی، قاری مشفق اشاعتی، قاری سلیمان اشاعتی، مولانا اسلم حلیمی، قاری نوشاد اشاعتی کے علاوہ محمد امجد، محمد زاہد شریف، عزیز الدین عزیز، محمد ضیاء الدین، سید اعجاز، محمد ارشاد، محمد خورشید احمد، سید احمد اور دیگر کثیر تعداد میں معززین شریک تھے۔ آخر میں شاہ جمال الرحمن مفتاحی نے دعا فرمائی جبکہ ناظمِ ادارہ شیخ نور الالیاس کاشفی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔