مدھیہ پردیش:کانگریس ایم ایل اے نقلی سانپ کے ساتھ اسمبلی احاطے میں پہنچے ، حکومت کے خلاف کیا احتجاج

   

بھوپال :کانگریس کے اراکین اسمبلی، اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار کی قیادت میں آج ٹوکری میں نقلی سانپ لے کر مدھیہ پردیش اسمبلی کے احاطے میں پہنچے اور حکومت پر الزام لگایا کہ وہ روزگار کے معاملے پر‘سانپ کی طرح کنڈلی’ مارکر بیٹھے ہیں۔آج بجٹ اجلاس کے دوسرے دن کانگریس نے بے روزگاری کے معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے حکومت کو نشانہ بنایا۔ مسٹر سنگھار کی قیادت میں کانگریس ممبران اسمبلی نے اسمبلی احاطے میں گاندھی جی کے مجسمہ کے سامنے ٹوکری میں سانپ اور تختیاں لے کر روزگار کے معاملہ پر علامتی احتجاج کیا۔بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج ریاست کے نوجوان روزگار کے لیے بھٹک رہے ہیں۔ پولیس، تعلیم، آبپاشی اور صحت جیسے تمام سرکاری محکموں میں بھرتیاں رکی ہوئی ہیں۔ ریاست میں بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نوکریوں کے نام پر نوجوانوں کو سانپ کی طرح ڈس رہی ہے ، وہ نوکریوں پر سانپ کی طرح کنڈلی مار کر بیٹھی ہے ۔