مذہبی اجتماع سے واپس ہونے والوں پر نظر رکھی جائے: ہریش رائو

,

   

عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس، سماجی دوری برقرار رکھنے پر زور
حیدرآباد۔2 اپریل (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نئی دہلی میں مذہبی اجتماع سے واپس افراد پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں معائنے کیلئے دواخانے رجوع کریں تاکہ تلنگانہ میں کورونا کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔ ہریش رائو نے آج سنگاریڈی کلکٹریٹ میں اعلی سطحی اجلاس منعقد کرکے لاک ڈائون اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو وائرس سے بچائو کیلئے سماجی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ احتیاطی تدابیر بالخصوص سماجی دوری برقرار رکھتے ہوئے وائرس کے اثر سے بچا جاسکتا ہے ۔ ہریش رائو نے کہا کہ 15 اپریل تک ہر کسی کو مزید چوکسی اختیار کرنی چاہئے۔ اس مدت میں ہم کورونا کے پھیلائو کو روکنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے خاندان کے ساتھ مکان میں محفوظ رہ کر ریاست کو بچنانا ہوگا۔ عوام کو وائرس کے بارے میں غیر ضروری خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ عوام کو بخار، کھانسی اور سردی کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع ہونا چاہئے۔ ہریش رائو نے کہا کہ نئی دہلی کے مذہبی اجتماع میں سنگاریڈی سے 21 افراد نے شرکت کی تھی۔ حکام کے پاس ایسے افراد کی تفصیلات موجود ہے اور انہیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ مشتبہ افراد کو کورنٹائن کیا جارہا ہے اور ان کے نمونے حاصل کرکے جانچ کیلئے روانہ کیا گیا۔ ایم این آر ہاسپٹل میں آئیسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ ایم پی پربھاکر ریڈی، ضلع کلکٹر ایم ہنمنت رائو، سپرنٹنڈنٹ پولیس چندر شیکھر ریڈی، ایڈیشنل کلکٹر راجہ شری و دیگر نے شرکت کی۔