مذہبی خبریں

   

عرس شریف حضرت سید شاہ ابوالفتح بندگی بادشاہ قادریؒ
حیدر آباد 5 اپریل (پریس نوٹ) عرس شریف نبیرہ و جگر گوش? حضور غوث الثقلین و نبسہ قطب دکن حضرت خواجہ بندہ نوازؒ حضرت سید شاہ ابوالفتح بندگی بادشاہ قادری و بند? نوازی قدس سرہ العزیز کے عرس شریف کی تقاریب بہ سر پرستی سجادہ نشین و متولی مولانا ابوالفتح سید بندگی بادشاہ قادری المعروف ریاض پاشاہ 7 اور 8 اپریل 2025ء مطابق 8 اور 9 شوال المکرم 1446ھ بروز پیر اور منگل بالکنڈہ شریف ضلع نظام آباد میں مقرر ہے۔ منگل 8 جون کو 8 بجے صبح مراسم عرس کے بعد بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ صلوٰۃ و سلام پیش کیا جائے گا۔ بعد ازاں جلسہ فیضان اولیاء کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ جلیل القدر مشائخ عظام و علماء کرام کے خطابات ہوں گے۔ جلسہ کا آغاز قراء ت کلام پاک سے ہوگا۔ معزز مہمانان معتقدین و اہلیان بالکنڈہ کے لئے تناول تبرک کا اہتمام ہوگا۔ عوام الناس کے لئے میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ شہر سے ڈاکٹر محمد بن محفوظ اور ڈاکٹر شاہد علی سابقہ ڈائرکٹر ڈپارٹمنٹ آف ایوش منسٹری آف ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر ڈاکٹر سید مصطفی اشرف میڈیکل ڈائرکٹر کیر ہاسپٹل (نیو لائف) چادر گھاٹ تشخیص و خدمات کے لئے دستیاب رہیں گے، مفت دواوں کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ ضلع نظام آباد کے عوام سے خصوصاً اور معتقدین شہر حیدرآباد سے عموماً شرکت و استفادہ کی خواہش کی گئی ہے۔ حیدر آباد سے پیر 7 اپریل کو قافلہ کی شکل میں بالکنڈہ کے لئے روانگی عمل میں آئے گی۔ قبل ازیں سابق سجادگان اہل خدمات کے مزارات واقع قبرستان متصل مسجد الہی چادر گھاٹ پر چادر گل پیش کی جائے گی۔ بالکنڈہ پہنچنے کے بعد نماز عشاء مراسم غسل شریف تلاوت قرآن مجید، محفل حمد نعت و منقبت اور ضربات رفاعیہ مقرر ہے۔ مولانا سید درویش محی الدین قادری صادق پاشاہ برادر سجادہ نشین اور سید صدیق قادری جانشین سجادہ نشین نے شرکت کی اپیل کی ہے۔

جامعۃ المؤمنات میں عید میلاپ تقریب برائے خواتین
حیدرآباد ۔ /6 اپریل (راست) مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات نے بتایا کہ جامعۃ المؤمنات مغلپور ہ میں عید میلاپ تقریب برائے خواتین /7 اپریل بروز پیر 11.30 بجے دن مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعۃ المومنات کی صدارت میں مقرر ہے ۔

جامعۃ المؤمنات میں آج سے دوبارہ تعلیم کا آغاز
حیدرآباد : /6 اپریل (راست) مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات کے بموجب جامعۃ المؤمنات مغلپورہ ، کلیۃ البنین اور جامعہ کی تمام شاخوں کو سالانہ تعطیلات کے بعد /7 اپریل بروز پیر دوبارہ تعلیم کا آغاز ہوگا ۔ تمام معلمات و طالبات سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ وقت مقررہ پر حاضر ہو جائیں ۔ جدید داخلے جاری ہیں ۔ خواہشمند اولیاء طالبات 10 بجے صبح تا 5 بجے شام داخلہ فارم حاصل کریں ۔ داخلے کے وقت سرپرست خاتون کا ہونا ضرور ی ہے ۔ طالبہ اور سرپرست کا آدھار کارڈ اور ایک عدد تصویر ساتھ لائیں ۔ قدیم طالبات اپنا فیس کارڈ ، تعلیمی رپورٹ کا زیراکس لاکر تجدید داخلہ فارم پر کریں ۔ مزید تفصیلات کیلئے فون : 9346936596 پر ربط کریں ۔

جلسہ فیضان
حیدرآباد۔/6 اپریل، ( راست ) کُل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام ماہانہ جلسہ فیضان سلسلہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ برکاتیہ مولانا خواجہ خواجگان امیر کلاں قدس سرہ ، مولانا سید محمد بادشاہ بخاری قدس سرہ، مولانا جانشین محدث دکن ابوالبرکات پیر سید خلیل اللہ شاہ قدس سرہ، زیر صدارت ابوالدرجات حافظ و قاری مولانا مفتی پیر غلام احمد قریشی مجددی نقشبندی قادری امیر انٹرنیشنل مسلم تحریک تحفظ سنیت 8 شوال المکرم بروز دوشنبہ بعد نماز ظہر سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات مقرر ہے۔ طلبائے مدرسہ و دیگر حضرات حمد باری تعالیٰ و نعت شریف اور منقبت سنانے کی سعادت حاصل کریں گے۔

دینی مدارس میں جدید داخلے
حیدرآباد : /6 اپریل (راست) مدرسہ باب العلم انوار محمدی پولیس کالونی بہادر پور ہ و مدرسہ فاطمۃ الزہراء للبنات میں تعلیمی سال کا آغاز /11 شوال المکرم سے جدید داخلوں کا آغاز ہوگا ۔ سال حال کیلئے اقامتی اور غیر اقامتی طور پر شعبہ جات ناظرہ قرآن مجید ، حفظ قرآن کریم ، ڈپلوما ان عربک ، اعدادیہ (ہشتم) ، مولوی ، عالم ، تدریب الائمہ ، کمپیوٹر کورس میں /25 شوال المکرم تک داخلے جاری رہیں گے ۔ داخلے کیلئے صداقت نامہ تاریخ پیدائش ، تعلیمی صداقت نامہ ، راشن کارڈ یا آئی ڈی کارڈ کی زیراکس کاپی ، اخلاقی صداقت نامہ سفید شرعی لباس میں 4 عدد فوٹو ، مکمل پتہ مع فون نمبر ، اضلاع و بیرون ریاست طلبہ کیلئے مقامی پولیس اسٹیشن کی تصدیق (کلیرنس سرٹیفکیٹ) اپنی درخواست شرکت فارم مدرسہ کے ساتھ منسلک کرنا ضروری ہے ۔ داخلہ صرف صلاحیت کی بناء پر بذریعہ انٹرویو ہوگا ۔ طالب علم کی عمر 12 سال ہونا ضروری ہے ۔ خواہشمند طلبہ یا اولیائے طلبہ بااوقات دفتر شعبہ تدریس صبح 9 تا شام 5 بجے یا فون نمبر 9848173896 پر ربط کریں ۔
٭٭ صدر مدرس مولانا حافظ محمد خان غور ی چشتی قادری کی اطلاع کے بموجب ملا سلیمؒ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر ٹرسٹ کے زیراہتمام عیدی بازار جاوید نگر محمد نگر لڑکیوں کا ہاسٹل معہد برکات العلوم عربیہ (ملحقہ جامعہ نظامیہ) میں /15 شوال المکرم بروز پیر سے جدید داخلوں کا آغاز ہوگا ۔ طالبات کو قیام و طعام کے ساتھ شعبہ حفظ و عالمیت ، ڈپلومہ ان عربک کے ساتھ ساتھ ایس ایس سی ، انٹرمیڈیٹ کی تعلیم دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ شعبہ اہل خدمات شرعیہ ملا ، مؤذنی ، امامت ، خطابت ، نائب قضأت ، قرات سیدنا امام عاصم کوفیؒ ، کمپیوٹر ، ٹیلرنگ ، مہندی ڈیزائن کی باضابطہ تعلیم و تربیت دی جائے گی ۔ ہاسٹل میں داخلہ کیلئے امیدوار کی عمر کم سے کم نو سال ہونا چاہئیے اور امیدوار کا برتھ سرٹیفکیٹ اور آدھار کارڈ کا زیراکس ، اسلامی لباس میں دو عدد تصاویر ، والدین یا سرپرست کے آدھار کارڈ کا زیراکس دو دو عدد تصاویر ضرور ساتھ لائیں ۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات 7989594178 یا 8008256751 پر ربط کریں ۔

دینی اداروں کا اظہار تشکر
حیدرآباد 6 اپریل (راست) مولانا سید آل رسول قادری الموسوی حسنین پاشاہ (سرپرست مدرسہ)، مولانا سید شاہ وسیع اللہ قادری نظام پاشاہ، مولانا سید اسحاق محی الدین قادری ناظم دینی اقامتی درسگاہ مدرسہ باب العلوم انوار محمدی پولیس کالونی بہادرپورہ، جناب ولی محمد (صدر)، جناب میر مجاہد علی (معتمد مجلس انتظامی)، جناب مرزا اسماعیل بیگ قادر (نائب معتمد مجلس انتظامی) ، حافظ محمد جعفر علی خان قادری، مولانا قاضی محمد ناصرالدین صدیقی (صدر مدرس)، مولانا حافظ محمد رضوان قریشی (خطیب مکہ مسجد و استاذ شعبہ عربی)، مولانا حافظ محمد آصف عرفان قادری، مولانا حافظ غلام محمد خان نقشبندی نے اپنے مشترکہ صحافتی بیان میں اپنے تمام محبین، مخلصین، معاونین، کارکنان اور بہی خواہوں کا دلی شکریہ ادا کیا جنھوں نے اس درسگاہ کے استحکام اور ترقی کے لئے اپنی شبانہ روز کوششوں سے دامے، درمے، قدمے سخنے تعاون کیا۔ ہم تمام بارگاہ رب العزت میں دعاگو ہیں کہ ان کی اور ان کے اہل خاندان کی عمر و اقبال دراز فرمائے، ان کے درائع آمدنی میں اضافہ اور برکتوں سے نوازے، ان کو دن دونی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے تاکہ ان کے وجود سے دینی کاموں میں آسانیاں پیدا ہو اور استحکام ملے۔ آمین۔
٭ مولانا حافظ و قاری محمد عبدالمقتدر رشادی ناظم و مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن کنچن باغ نے بہی خواہوں، ہمدردان ملت اہل خیر اصحاب کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے ماہ رمضان المبارک میں مدرسہ اسلامیہ اور مکاتبِ قرآنیہ کا دل کھول کر تعاون کیا اور زکوٰۃ، صدقات و عطیات سے طلبہ ’’مدرسہ تعلیم القرآن‘‘ سے اپنی محبت و وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔ اہل خیر اصحاب سے توقع ہے کہ آئندہ بھی مدرسہ ہذا کے ساتھ ایسا ہی تعاون برقرار رہے گا۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ مدرسہ کا تعاون کرنے والوں کے کاروبار میں ترقی عطا فرمائے اور اجر عظیم سے نوازے۔ آمین۔ مدرسہ کمیٹی کے ارکان نے روزنامہ سیاست سے بھی اظہار تشکر کیا۔
٭ مولانا حافظ محمد خواجہ نذیرالدین سبیلی ناظم جامعہ عائشہ نسوان، الحاج میر مقبول علی ہاشمی نگران عمومی جامعہ عائشہ نسوان نے اُن تمام اہل حضرات کا دل سے شکریہ ادا کیا ہے جنھوں نے اپنے گرانقدر عطیات سے جامعہ کا تعاون فرمائے ہیں۔ اُمید کہ ان حضرات کا تعاون ہمیشہ حاصل رہے گا۔

عرس شریف
حیدرآباد : /6 اپریل (راست) سلطان الواعظین حضرت صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی رازؒ واعظ دکن سرکار عالی جامع مسجد چوک کے عرس شریف کی چار روزہ تقاریب عرس /7 تا /10 اپریل درگاہ شریف صوفی منزل مصری گنج میں مقرر ہے ۔ /7 اپریل بروز پیر بعد نماز عشاء مراسم غسل شریف و پرچم کشائی ، سلام ، فاتحہ و دعا ہوگی ۔ /8 اپریل بروز منگل بعد نماز عشاء برآمدی جلوس صندل معہ ضربات رفاعیہ روبرو جامع مسجد پیارومیاں مصری گنج تا صوفی منزل ، بعد مراسم صندل مرکزی جلسہ فیضان اولیاء زیرنگرانی مولانا قاضی صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی ثانی قادر پاشاہ مقرر ہے ۔ حافظ مظفر حسین خان قادری دیگر علماء کا خطاب ہوگا ۔ /9 اپریل بروز چہارشنبہ کو بعد نماز مغرب مجلس چراغاں و قصیدہ بردہ شریف ، بعد نماز عشاء محفل سماع مقرر ہے ۔ /10 اپریل بروز جمعرات بعد نماز فجر محفل قل ، مجلس ختم قرآن مجید ، سلام ، فاتحہ و دعاء عرس شریف کا اختتام عمل میں آئے گا ۔ مولانا قاضی صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی ثانی قادر پاشاہ مراسم عرس انجام دیں گے ۔

خانقاہ قبول مصطفوی میں آج نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد 6 اپریل (راست) سلطان الواعظین حضرت سید مرتضیٰ بادشاہ قبلہ قادری حبیب زرین کلاہؒ کے عرس شریف کے سلسلہ میں زیراہتمام بزم حبیب زرین کلاہ 7 اپریل بروز پیر 9 بجے شب خانقاہ قبول مصطفوی نزد چمن نور خاں بازار میں زیرنگرانی مولانا سید محمود بادشاہ حسنی الحسینی قادری زرین کلاہ جانشین حضرت سلطان الواعظینؒ، غیر ططرحی نعتیہ و منقبتی مشاعرہ منعقد ہوگا۔ قرأت کلام پاک کے بعد حضرت حبیب زرین کلاہ کا کلام سنایا جائے گا۔ مولانا سید احمد بادشاہ قادری زرین کلاہ کے خیرمقدمی کلمات ہوں گے۔ شعراء کرام حضرت جلال عارف، مولانا سید رفیع الدین حسینی شرفی، مولانا ڈاکٹر مہیمن قادری، صلاح الدین نیئر، سردار سلیم، اکبر خاں اکبر، فرید سحر، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، انیس احمد قادری، ناقد رزاقی، نورالدین امیر، صوفی عبدالقادر قادری، سمیع اللہ سمیع، سید جنید حسینی جنید، پروفیسر محمد مسعود احمد، ثناء اللہ انصاری وصفی، تشکیل رزاقی، سہیل عظیم، سید مصطفی علی، عظمت اللہ جعفری کے علاوہ مولانا محمود بادشاہ زرین کلاہ محمود نگران مشاعرہ بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کری گے۔ فاروق عارفی معتمد مشاعرہ ہوں گے۔

ڈاکٹر سید عباس متقی کا تعزیتی جلسہ و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد 6 اپریل (راست) سید یوسف روش میموریل اکیڈیمی کے زیراہتمام مزاح نگار ڈاکٹر سید عباس متقی کا تعزیتی جلسہ و نعتیہ مشاعرہ بروز منگل 8 اپریل کو 7 بجے شام حسامیہ نونہال اسکول نزد پتھر کا مکان یاقوت پورہ میں منعقد ہوگا۔ صدر اکیڈیمی قاضی سراج مدنی سہروردی خیرمقدمی خطاب کریں گے۔ صدارت مولانا محمد زعیم الدین حسامی کی ہوگی۔ ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد، وہاج الدین صدیقی، جہانگیر قیاس، ڈاکٹر جہانگیر احساس اور عارف الدین احمد مہمان مقررین ہوں گے۔ نعتیہ مشاعرہ کی نگرانی شاعر نور آفاقی کریں گے۔ ڈاکٹر ناقد رزاقی، شاہد عدیلی، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، ڈاکٹر فریدالدین صادق، سردار سلیم، سید سمیع اللہ حسینی، پروفیسر محمد مسعود احمد اور قاضی عظمت اللہ جعفری مہمانان خصوصی ہوں گے۔ حلیم بابر منظوم خراج عقیدت پیش کریں گے۔ سید جنید حسینی جنید، میر مقبول علی مقبول، ثناء اللہ انصاری وصفی، سید سہیل عظیم، لطیف الدین لطیف، ظہور ظہیرآبادی، سراج یعقوبی، جہانگیر قیاس، قاضی سراج مدنی سہروردی، سید عبدالمجید شعیب اور سید عبدالشکور شاداب کلام سنائیں گے۔ سید سہیل عظیم نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔