مذہبی خبریں

   

شب برأت میں عبادتیں گھروں میں ادا کریں:مفتی مستان علی قادری
حیدرآباد ۔ 8اپریل( راست) ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعتہ المومنات نے کہا کہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن و کرفیو کے پیش نظر مسلمانوں سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ شب برأت کی رات مساجد میں عبادتیں کرنے کے بجائے اپنے اپنے گھروں میں رات میں جاگیں، قرآن مجید کی تلاوت کریں ،بعد نماز مغرب یا عشاء تین مرتبہ سورہ یسین کی تلاوت کریں ، پہلی بار درازی عمر بالخیر دوسری بار دافع بلائیات ، تیسری بار مخلوق کا محتاج نہ بنانے کی نیت سے اپنے اپنے دوست احباب ساری اُمت کیلئے خاص کر حالیہ کورونا وائرس کی و باء ساری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اس کے خاتمہ کیلئے دعائیں کریں ۔ مسلمان کو چاہیئے کہ وہ شب برأت کی قدر کریں ،توبہ و استغفار کریں، نوافل پڑھیں ،قضاء عمری نمازیں ادا کریں تاکہ رضا خداوندی و رضا مصطفوی حاصل ہو ، خاص طور پر مسلم نوجوانوں کو مشورہ دیا ہیکہ وہ حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی نہ کریں بلکہ حکومت کے معاون رہیں ۔

جشن ولادت امام زمانہ
حیدرآباد ۔8 اپریل ( راست) جناب سید احسان علی عابدی کے بموجب جشن ولادت باسعادت حضرت امام زمانہ زیراہتمام ادارہ مرکز روحانی 15 شعبان المعظم م 9اپریل کو 8بجے صبح عاشورخانہ حضرت قائمؑ امان نگر ( بی) تالاب کٹہ مقرر ہے ۔ مسرس مہدی علی ، مختار علی، تراب علی و مظفر علی مجاہد خان قصیدہ خوانی کریں گے ۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی خطاب کریں گے و نیز شعرائے کرام مسرس ممتاز دانشؔ ، میر محمد تقی علی خان رضوی میر ، مظہر عابدی ، تقی عابدی گلبرگوی ، کوثر رضوی ، اکبر علی مومن ، علی جواد شہپرؔ نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔

عرس شریف حضرت بابا شرف الدین صاحب سہروردیؒ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( راست ) : حضرت سیدنا بابا شرف الدین سہروردیؒ کے تقاریب عرس 16 تا 22 شعبان احاطہ درگاہ پہاڑی میں مرکزی اور تلنگانہ حکومت کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے مختصر سی تقاریب منائی جائے گی ۔ 16 شعبان ہفتہ کو 12 بجے شب مزار شریف کو غسل دینے کی رسم مجلس ہوگی ۔ اور اسی وقت بالا پور سے چھلہ مبارک صندل برآمد ہوکر درگاہ پہاڑی شریف پہونچے گا ۔ 19 شعبان کو قدیم صندل مبارک درگاہ پہاڑی شریف پہونچے گا ۔ 20 شعبان کو شب میں محفل چراغاں ہوں گے ۔ 22 شعبان کو 11 بجے دن محفل قل کا اختتام ہوگا ۔ مجلس تولیت کمیٹی پیرزادگان الحاج پیرزادہ سید فرید الدین سہروردی قادری کی سرکردگی میں عرس کے انتظامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ زائرین سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں رہ کر تقاریب عرس کے اوقات پر دعاؤں میں شرکت فرمائیں ۔۔

شب برات ، عطائے نعمت ، بخشش و مغفرت اور موازنہ کی رات
رات عبادت گھروں میں کریں اور قبور دن میں کرنے کی تلقین
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( راست ) : مولانا ابو عمار عرفان اللہ شاہ نوری صدر مرکزی انجمن سیف الاسلام نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا کا شدت سے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن عبادت و ریاضت ذکر و مراقبات اور اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا بہترین موقع ہے ۔ ایسے میں شب برات جو موازنہ اور محاسبہ کی شب ہے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ سجدہ ریز ہو کر اپنے لیے اور ساری ملت کے لیے خیر حاصل کریں ۔اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس نہ ہوں توبہ و استغفار اور صدقات و خیرات اللہ کے غضب کو دور کرنے نایاب نسخہ کیمیا ہے ۔ رات عبادت میں گذاریں ، گناہوں کی معافی چاہیں آنے والے سال کے لیے نعمتیں طلب کریں اور سنت زیارت قبور کو دن میں کرلے سکتے ہیں ۔ استغفار کی کثرت کریں ۔ اس سے گناہ معاف ہوتے ہیں ۔ رزق میں برکت ہوتی ہے اور عمر دراز ہوتی ہے ۔ شیطان دور ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ قرب نصیب ہوتا ہے ۔۔

جلوس وسہرے مبارک ملتوی
حیدرآباد ۔ 8اپریل ( راست) محمد مرتضیٰ علی صدر انجمن غلامان محمد وآل محمد کے بموجب 15شعبان صبح بعد نماز فجر جلوس سہرے مبارک کوٹلہ عالیجاہ جعفری گلی مسجد جعفری سے برآمد ہوکر کوہ قائم پہنچنا تھا تاہم حکومت کی اپیل اور پولیس کی ہدایت اور کورونا وائرس کے سبب اس سال جلوس سہرے مبارک کو ایک سال کیلے ملتوی کیا گیا ہے ۔