ثبوت پیش کرنے پر وہ وزارت سے مستعفی ہوں گے یا بی جے پی کے صدر لوک سبھا کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کو جھوٹوں کا سردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ترقی مرکز کے فنڈز سے ہونے کا ثبوت پیش کرنے پر وزارت سے مستعفی ہوجائیں گے بصورت دیگر بنڈی سنجے کو لوک سبھا کی نشست سے مستعفی ہوجانے کا چیلنج کیا ۔ کانگریس کے صدر ریونت ریڈی کو نوٹوں کے ساتھ پکڑا جانے والا چور قرار دیا ۔ آج کے ٹی آر نے دوسرے چار وزراء کے ساتھ ضلع گدوال جوگو لامبا میں 100 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل جورالا پراجکٹ کے پاس پارک گون پاڈ میں شادی خانہ ، ڈگری کالج میں لائبریری عمارت ، جونیر کالج کے لیے نئی عمارت اس طرح ایک ہی دن میں 104 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر دوسرے ریاستی وزراء نرنجن ریڈی ، سرینواس گوڑ ، سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل اور رکن پارلیمنٹ کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی انتخابات نہیں ہیں پھر بھی 5 وزراء گدوال جوگولامبا ضلع کی ترقی کے لیے پہونچے ہیں ۔ انہوں نے حکومت کی فلاحی اسکیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے پدیاترا کرنے والے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی جانب سے مرکز کے فنڈز تلنگانہ کو ترقی دینے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے بنڈی سنجے کو چیلنج کیا کہ وہ ثبوت پیش کریں اگر ثبوت پیش کرنے میں بنڈی سنجے کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ وزارت سے مستعفی ہوجائیں گے ثبوت پیش نہ کرنے کی صورت میں بنڈی سنجے لوک سبھا کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں ۔ کے ٹی آر نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ تلنگانہ عوام کی آمدنی کو اترپردیش کے علاوہ ملک کے دوسرے پسماندہ ریاستوں کو منتقل کررہی ہے ۔ مرکزی بی جے پی حکومت ہر معاملے میں تلنگانہ کے ساتھ نا انصافی کررہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کی صرف تاریخ ہے جب کہ مستقبل تاریک ہے ۔ ریونت ریڈی نوٹوں کے تھیلوں کے ساتھ پکڑے جانے والا چور ہے ۔ ضلع محبوب نگر کو نقل مقام کرنے والے ضلع میں تبدیل کرنے کا اعزاز کانگریس کو ہے ۔ متحدہ ضلع محبوب نگر کی ترقی سے کانگریس بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔۔ N