مرکزی وزراء کیخلاف رشوت ستانی کی شکایت : پی ایم او کو سپریم کورٹ کی نوٹس

,

   

نئی دہلی ۔ /31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے مرکزی وزراء کیخلاف رشوت کے الزامات سے متعلق معلومات حاصل کرنے والے ایک آئی ایف ایس عہدیدار سنجیو چترویدی کی جانب سے داخل کردہ خصوصی درخواست مرافعہ پر وزیراعظم کے دفتر پی ایم او کو نوٹس جاری کی ہے ۔ یکم جون 2014 ء تا /5 اگست 2017 ء کے درمیان وزراء کی بدعنوانیوں کا پتہ چلانے پر زور دیا گیا ہے ۔ در خواست گزار کا الزام ہے کہ حکومت نے بیرون ملک بینکوں میں جمع کالے دھن کو واپس لانے کا وعدہ کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ رقم ہندوستان لانے کے بعد ہندوستانی شہریوں کے اکاؤنٹس میں جاری کی جائے گی ۔ جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس ہیمنت گپتا پر مشتمل بنچ نے سنٹرل پبلک انفارمیشن آفیسر پی ایم او سے کہا ہے کہ وہ 4 ہفتوں کے اندر اپنا جواب داخل کریں ۔ شکایت کنندہ کی جانب سے پیروی کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے کہا کہ آئی ایف ایس عہدیدار چترویدی نے دہلی ہائیکورٹ کے ڈیویژن بنچ کی جانب سے منظور کردہ فیصلہ کو چیلنج کیا ہے ۔ چیف انفارمیشن کمیشن کے فیصلہ کے خلاف یہ اپیل دائر کی گئی تھی ۔ کمشنر نے انہیں معلومات فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی تھی ۔