مرکزی کابینہ میں جنا سینا کی عدم شمولیت پر تجسس برقرار

   

پون کلیان آندھراپردیش کے عوام کی خدمت کے خواہاں، محض 2 وزراء کی شمولیت پر تلگودیشم میں بے چینی
حیدرآباد 10 جون (سیاست نیوز) مرکزی کابینہ میں پون کلیان کی جنا سینا پارٹی کی عدم شمولیت پر سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ جنا سینا این ڈی اے میں شامل ہے اور اُس کے 2 ارکان پارلیمنٹ ہیں لیکن 71 رکنی مرکزی کابینہ میں جنا سینا کے نمائندے کو شامل نہیں کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پون کلیان کو کابینہ میں شمولیت کا پیشکش کیا لیکن اُنھوں نے مرکزی کابینہ کے بجائے آندھراپردیش کی سطح پر عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے۔ این ڈی اے کی حلیف جماعتوں میں ایسی پارٹیوں کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا جن کے ارکان کی تعداد محض ایک ہے۔ پون کلیان کے پاس دو ارکان کے باوجود اُن کے نمائندے کی عدم شمولیت پر مبصرین کا ماننا ہے کہ پون کلیان نے مرکزی کابینہ کے سلسلہ میں جو شرائط رکھی تھیں اُنھیں قبول نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں اُنھوں نے پہلی وزارت کی تشکیل سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔ چندرابابو نائیڈو کے ہمراہ پون کلیان نئی دہلی میں تقریب حلف برداری میں شریک تھے لیکن اُن کے ایک بھی نمائندہ کو مرکزی کابینہ میں جگہ نہیں دی گئی۔ پون کلیان کی خاموشی کے پس پردہ سیاسی حکمت عملی بتائی جاتی ہے۔ دوسری طرف پون کلیان آندھراپردیش میں ڈپٹی چیف منسٹر کے طور پر چندرابابو نائیڈو کابینہ میں شامل کئے جاسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرابابو نائیڈو نے اُنھیں ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ کا پیشکش کیا ہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت میں 2 ڈپٹی چیف منسٹرس کو شامل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پون کلیان کابینہ میں شمولیت کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہیں اور وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف چندرابابو نائیڈو کی نئی دہلی سے واپسی کے بعد پارٹی کے سینئر قائدین نے مرکزی کابینہ میں محض 2 وزراء کی شمولیت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ تلگودیشم 16 ارکان کے ساتھ این ڈی اے میں دوسری بڑی جماعت کا موقف رکھتی ہے لیکن اُسے محض 2 وزراء الاٹ کئے گئے۔ جنتادل (یونائیٹیڈ) کے 12 ارکان ہیں لیکن کابینہ میں اُن کے 2 ارکان کو شامل کیا گیا۔ 1