تحفظات میں ناانصافی کی شکایت، وی ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مرکز اور ریاستی حکومتوںکی جانب سے پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ دونوں حکومتیں بی سی طبقات کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کررہی ہیں جبکہ تحفظات کی فراہمی میں ان طبقات کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر پسماندہ طبقات کیلئے تحفظات کی فراہمی پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن بی سی طبقات کے تحفظات متاثر نہ ہونے پائیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی خود بی سی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ملک بھر میں بی سی طبقات کے ساتھ سوتیلا سلوک روا رکھا گیا ہے۔ انہوں نے او بی سی تحفظات کیلئے کریمی لیئر کی شرط کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پسماندہ طبقات میں خوشحال طبقہ کے نام پر تحفظات سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی طبقات کیلئے 27 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے لیکن بمشکل 10 فیصد تحفظات بھی حاصل نہیں ہورہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ وہ پسماندہ طبقات کیلئے عزت نفس بھون کی تعمیر کے بجائے ان طبقات کی بھلائی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ 8 لاکھ روپئے سالانہ آمدنی رکھنے والے خاندانوں کو تحفظات سے محروم کیا جارہا ہے جبکہ اعلیٰ طبقات کو تحفظات فراہم کرنے کیلئے معاشی پسماندگی کو بنیاد بنایا گیا۔