مرکز اور مہاراشٹرا کے درمیان ’ کورونا ویکسین ‘ پر لفظی جھڑپ

   

Ferty9 Clinic

ممبئی ۔ مہاراشٹرا میں اب جبکہ صرف ایک تا دیڑھ دن کیلئے ہی کورونا ٹیکے رہ گئے ہیں مرکزی حکومت اور مہاراشٹرا کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوگئی ہے ۔ ریاستی وزیر صحت راجیش توپے نے آج کہا کہ مرکزی حکومت جانبداری سے کام کر رہی ہے ۔ اترپردیش اور گجرات سے زیادہ سنگین صورتحال مہاراشٹرا میں ہے لیکن ریاست کو وافر مقدار میں کورونا ٹیکے فراہم نہیں کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر توپے کے اس بیان کے بعد مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے جوابی وار کرتے ہوئے مہاراشٹرا کو ہی ملک بھر میں کورونا کے پھیلاو کی وجہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال سے ہی وہ دیکھ ریہ ہیں کہ حکومت مہاراشٹرا کی غلط حکمرانی کا سلسلہ چل رہا ہے اور تن آسانی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔ ریاستی حکومت کے اسی لا پرواہ رویہ نے سارے ملک میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے اقدامات کو متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے عوام میں خوف پھیلا رہی ہے ۔ مرکزی حکومت نے آج ریاست کو 7.5 لاکھ کورونا ٹیکے روانہ کئے ہیں۔ مرکز کی جوابی تنقید کے بعد ریاستی وزیر راجیش توپے نے کہا کہ ویکسین کی سپلائی پر مرکز کے ساتھ کوئی تنازعہ نہیں ہے لیکن چونکہ مہاراشٹرا میں بہت زیادہ کیس رپورٹ ہو رہے ہیں ایسے میں ریاست کو زیادہ تعداد میں ٹیکے فراہم کئے جانے چاہئیں۔ اس مسئلہ پر شرد پوار نے بھی مرکزی وزیر صحت سے بات کی ہے ۔