تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو عوام سبق سکھائیں گے ،تہنیتی تقریب سے سی ایل پی لیڈر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں قائد اپوزیشن بھٹی وکرامارکا نے یقین ظاہر کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دے کر کانگریس شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے ملک کے آئندہ وزیراعظم کی حیثیت سے راہول گاندھی کو دیکھنے کیلئے ملک کی عوام کی خواہش کا اظہار کیا اور عوام بی جے پی اور ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے ۔ سی ایل پی لیڈر منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ کھمم ضلع کے دورہ پر بھٹی وکرامارکا پہنچے جہاں ضلع کانگریس کمیٹی نے ان کی تہنیتی تقریب منعقد کی تھی ۔ سی ایل پی لیڈر کو بڑی ریالی کی شکل میں استقبال کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل پر اسمبلی میں جدوجہد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ہر طبقہ کو مسائل کا سامنا ہے اور ٹی آر ایس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے ۔ تقریب میں ارکان مقننہ وی وینکٹیشور راؤ ، پی ویریا ، بی ہری پریا ، رکن کونسل پی سدھاکر ریڈی ، سابق ارکان مقننہ پی ناگیشور راؤ ، شاملا نائک ، پی درگا پرساد اور دوسروں نے شرکت کی ۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ملک کے عوام راہول گاندھی کو آئندہ وزیراعظم کی حیثیت سے دیکھ رہے ہیں۔ کانگریس قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسی مقصد کے تحت کام کریں اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع میں 10 کے منجملہ 8 اسمبلی نشستوں پر مہا کوٹمی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھمم لوک سبھا نشست سے کامیابی کیلئے ٹی آر ایس کے بڑے کنٹراکٹرس بھاری رقومات کے ساتھ عوام کے درمیان گھوم ر ہے ہیں ۔ عوام کو چاہئے کہ انہیں سبق سکھائیں ۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ انہیں شکست دینے کیلئے سازش کی گئی تھی لیکن عوام نے ناکام بنادیا ۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ اسمبلی کی طرح لوک سبھا میں کھمم میں کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی اور مر کز میں کانگریس حکومت تشکیل پائے گی ۔ رکن اسمبلی وینکٹیشور راؤ نے کہا کہ ایک تجربہ کار قائد کو کانگریس نے سی ایل پی لیڈر مقرر کیا ہے ۔ رکن کونسل پی سدھاکر ریڈی نے کہا کہ نئی دہلی میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے ارکان مقننہ سے ایک گھنٹہ سے زائد تک بات چیت کی ۔ انہوں نے راہول گاندھی سے درخواست کی کہ وہ کھمم لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کریں۔ دیگر مقررین نے کہا کہ اگر کانگریس قائدین متحدہ طور پر جدوجہد کریں تو کامیابی یقینی ہوگی ۔ تلنگانہ کی زائد لوک سبھا نشستوں پر کانگریس کی کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ۔