مرکز نے تلنگانہ کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا

   

ریاست کیلئے کئی پراجکٹس منظور ، مودی حکومت کی کارکردگی کو پرکھیں : نیتن گڈکری
حیدرآباد۔/6 فروری، ( رتنا چوٹرانی ) مرکزی وزیر آبی وسائل اور روڈ ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے تلنگانہ کے خلاف کوئی امتیازی رویہ اختیار نہیں کیا ہے۔ تلنگانہ ریاست کیلئے کئی پراجکٹس منظور کئے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کالیشورم پراجکٹ کیلئے اجازت طلب کی تو ایک ہفتہ کے اندر اسے منظوری دے دی گئی۔ آپ ریاستی لیڈر ہریش راؤ سے سوال کریں کہ تلنگانہ کے لئے ہم نے کس پراجکٹ کو روکا ہے یا اس میں تاخیر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کو اس کی کارکردگی کی بنیاد پر پرکھیں۔ ملکاجگیری سکندرآباد میں ایک جلسہ سے خطاب میں انہوں نے اعادہ کیا کہ ان کی وزارت کی جانب سے 99 فیصد پراجکٹس کو منظوری دی گئی ہے جو کہ 55 سالہ کانگریس دور حکومت میں نہیں کیا گیا۔ مودی حکومت نے 60,000 کروڑ لاگتی پراجکٹ میں صدفیصد امداد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے ملک سے رشوت کے خاتمہ کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔نیتن گڈکری نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ میں جتنے بھی آبپاشی پراجکٹس شروع کئے گئے ہیں ان کی وزارت نے منظوری میں کوئی تاخیر نہیں کی۔