یوم آزادی تقریبات سے صدرکا خطاب، خاتون اول ، نائب صدرپنس ، کابینی رفقاء اور اعلیٰ فوجی عہدیداروں کی شرکت
’’سلیوٹ امریکہ ‘‘ خطاب میں ملک کیلئے جان نثار کرنے والوں کو خراج عقیدت
واشنگٹن 5 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بہرحال وہی کام کر دکھا یاجو انہوں نے کہا تھا یعنی 4جولائی کو امریکہ کی آزادی تقریبات میں انہوں نے کسی کا مشورہ نہ مان کر امریکی فوج کی طاقت کا ایک بڑی پریڈ کے ذریعہ مظاہرہ کروایا ، حالانکہ ملک کے سابق فوجی جنرلس اور دیگر سیاسی تجزیہ نگاروں نے واضح کہا تھا کہ آج تک امریکہ کی یوم آزادی تقریبات میں فوجی طاقت کا مظاہرہ کبھی نہیں کیا گیا ، تاہم صدر ٹرمپ ہر وہ کام کررہے ہیں جو آج تک امریکہ کے سابق صدور نے نہیں کیا ۔ گذشتہ 70 سال کے دوران ٹرمپ امریکہ کے ایسے پہلے صدر بن گئے جنہوں نے اس تقریب سے خطاب بھی کیا ہو ۔ اپوزیشن ڈیموکریٹک قائدین نے ٹرمپ کو یہ کہہ کر تنقید وں کا نشانہ بنایا کہ موصوف ملک کی آزادی کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ یاد رہے کہ امریکہ نے برطانیہ سے 4جولائی 1776ء میں آزادی حاصل کی تھی ۔ یوم آزادی تقریبات میں صدر ٹرمپ کے علاوہ خاتون اول میلانیا ٹرمپ ، نائب صدر مائیک پنس ، کابینی رفقاء اور فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ یوم آزادی تقریبات ہمیں امریکی فوجیوں اور جنرلس کو سلام کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے جو ملک و قوم کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں ۔ آج ہم ایک قوم کی حیثیت سے یہاں جمع ہوئے ہیں اور ملک کے ان بہادر مرد و خواتین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے فرائض نبھاتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کی قربانی دی ۔ ’ سلیوٹ ٹو امریکہ ‘ ( امریکہ کو سلام) خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے بانیوں سے لیکر آج تک ملک کی عوام نے امریکہ کو ہمیشہ کی طرح مستحکم رکھا ہے اور آج یہی جذبہ ہر امریکی شہری کی رگوں میںدوڑ رہا ہے ۔ ہمت و اعتماد ہمارے ایسے ہتھیار ہیں جن کی بنیاد پر ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عنقریب چاند پر انسانی قدم رکھنے والے پہلے امریکی خلاء بازوں کی تاریخ ساز مہم کی تقریبات بھی منائی جائیں گی ۔ جب اپولو ۔II چاند پر اترا تھا ۔ اب امریکہ مریخ پر بھی اپنا قومی پرچم لہرائے گا ۔ انہوں نے ناسا کے فلائیٹ ڈائرکٹر جین کرنز کو بھی تہنیت پیش کی ۔ ٹرمپ کے مطابق ملک کی تینوں افواج بری ، بحری اور فضائی کے علاوہ اب ان زمروں میں خلائی مہمات انجام دینے والوں کو شامل کیا جائیگا ۔ اس طرح آتش فرو عملہ ، پولیس ، شیریفس و سرحدوں پر خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کا بھی نمایاں رول ہے جنہیں اکثر فراموش کردیا جاتا ہے ۔ لہذا اس 4جولائی کو یوم آزآدی تقریبات کے دوران ہم مندرجہ بالا زمروں سے تعلق رکھنے والے سبھی افسران ، اہلکار اور عہدیداروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی آخری سانس تک ملک کی خدمات انجام دیں ۔