نئی دہلی12جون (سیاست ڈاٹ کام ) محکمہ ریلوے سات ریاستوں میں پھنسے ہوئے مزدوروں کو اپنی آبائی ریاستوں تک پہنچانے کے لئے مزید 63 اسپیشل ٹرینیں چلائے گا۔ وزارت ریلوے نے جمعہ کے روز کہا کہ کیرالہ، آندھرا پردیش، کرناٹک ، تمل ناڈو، مغربی بنگال، گجرات اور جموں و کشمیر سے مزدوروں کوبھیجنے کے لئے کل 63 خصوصی ٹرینیں چلانے کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے سب سے زیادہ کیرالہ نے 32، تامل ناڈو نے 10، جموں و کشمیر نے نو، کرناٹک نے چھ ، آندھرا پردیش نے تین، مغربی بنگال نے دو اور گجرات نے ایک اسپیشل ٹرین کا مطالبہ کیا ہے۔ریلوے بورڈ کے چیئرمین ونود کمار یادو نے تمام ریاستوں کو تحریری یقین دہانی کرائی ہے کہ جب بھی مزدوروں کی خصوصی ٹرینوں کا مطالبہ کیا جائے گا تو انہیں یہ ٹرینیں 24 گھنٹے کے اندر فراہم کردی جائیں گی۔ یاد رہے کہ یکم مئی سے اب تک ریلوے نے مزدوروں کے لیے 4277 خصوصی ٹرینیں چلائی ہیں جن میں تقریبا 60 لاکھ افراد کو اپنی آبائی ریاست پہنچا یا گیا ہے ۔