مزدور خاتون کو 200 روپے کی لاٹری پر 1.5 کروڑ !

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی9 ڈسمبر (ایجنسیز) پنجاب کے ضلع فریدکوٹ میں ایک غریب مزدور خاندان کی زندگی لمحوں میں بدل گئی، جب 200 روپے کا خریدا گیا لاٹری ٹکٹ 1.5 کروڑ روپے کا انعام لے آیا۔ نصیب کور نامی خاتون، جو کھیتی باڑی اور مزدوری سے گھر کا خرچ چلاتی تھیں، اچانک کروڑ پتی بن گئیں۔ مالی تنگی اور مشکلات سے دوچار اس گھرانے کے لیے یہ خوشخبری کسی کرشمہ سے کم نہیں۔ نصیب کور کے شوہر رام سنگھ گزشتہ 4 برس سے لاٹری ٹکٹ خریدتے آ رہے تھے۔ وہ ہمیشہ اپنے نام سے ٹکٹ لیتے تھے، لیکن اس بار انہوں نے اہلیہ کے نام پر 200 روپے کا ٹکٹ خریدا، اور یہی فیصلہ ان کی زندگی کا سب سے خوشگوار موڑ ثابت ہوا۔ رام سنگھ کا کہنا ہے کہ انہیں ہمیشہ یقین تھا کہ ایک نہ ایک دن قسمت ان پر ضرور مہربان ہوگی۔ لاٹری جیتنے سے پہلے یہ خاندان شدید معاشی تنگی کا شکار تھا۔میاں بیوی کھیتوں میں مزدوری کرتے تھے اور گھر میں موبائل فون تک موجود نہیں تھا۔ نتیجہ ظاہر ہونے پر دکاندار صادق، جن کی دکان سے ٹکٹ خریدا گیا تھا، نے بار بار فون کرنے کی کوشش کی مگر رابطہ نہ ہو سکا۔ آخرکار وہ خود ان کے گھر پہنچے اور خوشی کی خبر دی۔