گذشتہ 24 گھنٹوں میں280 افراد وائرس کا شکار ۔ 20 کی جینوم رپورٹ کا انتظار
حیدرآباد۔30ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے 5 نئے مریضوں کی توثیق کے بعد یہ تعداد 67 ہوچکی ہے جبکہ شمس آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آج 143 مسافرین کے معائنے کئے گئے جن میں 4مسافرین کو کورونا کی توثیق کے بعد انہیں قرنطینہ کرنے اور ان کے جینوم جانچ کیلئے نمونوں کو روانہ کردیا گیا ۔ مجموعی اعتبار سے اب 20 کورونا مریضوں کی جینوم رپورٹ موصول ہونا باقی ہے جو کہ سی سی ایم بی ‘ سی ڈی ایف ڈی اور گاندھی ہاسپٹل سے وصول ہونے ہیں۔ تلنگانہ میں 15 یوم قبل اومی کرون کے مریضوں کی تعداد 2 تھی اور آج یہ تعداد 67 تک پہنچ گئی ہے اور ا ن میں 4ایسے مریض شامل ہیں جنہوں نے کہیں سفر نہیں کیا بلکہ بیرونی مسافرین سے رابطہ کے سبب وہ اومی کرون کا شکار ہوئے ہیں۔ اومی کرون کے جملہ 67مریض جو زیر علاج ہیں ان میں 36 مریض ان ممالک سے حیدرآباد پہنچے ہیں جو جوکھم کی فہرست میں شامل نہیں ہیں جبکہ 5مریض ایسے ہیں جو جوکھم والے ممالک سے حیدرآباد پہنچے اور ابھی تک زیر علاج ہیں۔ اومی کرون کا شکار مریضوں میں اب تک 22 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 41 مریض اب بھی قرنطینہ میں زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت کے بلیٹن میں تلنگانہ میں کورونا مریضوں کی تفصیلات کے متعلق کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24گھنٹوں میں ریاست میں 280کورونا مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے جبکہ 206 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ کورونا کے سبب ایک موت ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں کورونا مریضوں کی تعدادمیں اضافہ کے متعلق بلیٹن میں کہا گیا کہ شہر میں 81مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے جبکہ ضلع رنگاریڈی میں 24 مریض پائے گئے ہیں اس کے علاوہ ہنمکنڈہ میں 10 مریضوں کی جبکہ میڑچل ۔ملکا جگری میں 8 مریضوں کی توثیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج ائیر پورٹ پر مثبت پائے گئے مریضوں کی جینوم جانچ کیلئے نمونوں کی روانگی کے بعد جملہ 20 نمونوں کی جانچ رپورٹ وصول ہونا باقی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دویوم کے دوران یہ رپورٹس موصول ہوجائیں گے ۔