امیر جماعت اسلامی حامد محمد خاں کا مطالبہ
حیدرآباد ۔18۔ مئی(سیاست نیوز) امیر حلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ جناب حامد محمد خاں نے مرکز اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاک ڈاون کے سبب مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کو جاریہ پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے عبادت کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جس طرح دیگر سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے، اسی طرح سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے عبادت گاہوں میں معمول کے مطابق عبادت کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عید الفطر سادگی سے منائیں۔ رمضان المبارک کے آخری ایام میں خریداری کے لئے بازاروں میں بھیڑ لگانے سے گریز کریں۔ جس طرح رمضان میں صبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا گیا۔ اسی طرح مزید کچھ دنوں تک صبر و تحمل کے ساتھ لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر کاربند رہیں۔ حامد محمد خاں نے کہا کہ عید کے دن نئے یا پرانے صاف ستھرے کپڑے جو میسر ہوں ، زیب تن کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں۔ رمضان مبارک کی طرح عید بھی سادگی سے منائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وبائی مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اور بازاروں میں ہجوم کی وجہ سے مرض کے پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ لہذا مسلمانوں کو متعصب میڈیا کو نفرت پھیلانے کا موقع فراہم کئے بغیر خریداری اور ہجوم سے گریز کرنا چاہئے ۔ عید کی خوشیوں میں غریبوں اور ناداروں کا خیال رکھیں اور مسلم قیدیوں کا جیلوں میں اور ان کے پریشان حال گھر والوں کی مدد کی جائے۔