مستحقین و غریبوں کیلئے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی

   

کمرم بھیم جوڑے گھاٹ میں تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد، ریاستی وزیر سیتااکا کا خطاب
کاغذ نگر۔14 جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے بی آصف آباد کے مختلف منڈلوں میں کومرم بھیم کے جوڑے گھاٹ میں ریاستی وزیر و انچارج ضلع متحدہ عادل آباد انوسیا سیتا اکا نے ایم ایل سی ڈنڈے وٹھل، آصف آباد رکن اسمبلی کوا لکشمی، خانہ پور رکن اسمبلی بوجو پٹیل، ڈی سی سی صدر وشوا پرساد، آصف آباد تعلقہ انچارج شام نائک، سابقہ رکن اسمبلی اترم سکو، ڈسٹرکٹ کلکٹر وینکٹیش آئی اے اس، ڈسٹرکٹ ایڈیشنل کلکٹر دیپک تیواری، ضلع سپریٹنڈنٹ پولیس سرینواس راو کے علاوہ کانگریس پارٹی قائدین کے ساتھ دورہ کرتے ہوئے لگ بھگ 6 کروڑ 60 لاکھ روپیوں کی لاگت کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ کیرامیری منڈل کے کمرم بھیم گھاٹ میں عوام کو تفریح اور عوامی ترقیاتی کاموں کے لیے 4 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے مزید تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ، اس کے علاوہ وینکٹشورا مندر کو 10 لاکھ روپے، ادرش آنگن واڑی اسکول بلڈنگ 19 لاکھ روپے کی لاگت سے، ایک کروڑ 35 لاکھ روپیوں کی لاگت سے بالا سادھنا بلڈنگ کے علاوہ کے جی بی بالکہ اسکول کو کالج میں اپ گریڈ کے علاوہ مختلف عوامی ترقیاتی کاموں کا ریاستی وزیر و انچارج ضلع عادل آباد انوسیا سیتا اکا نے مقامی قائدین و ملازمین کے ساتھ مل کر مختلف عوامی و فلاح و بہبود کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے غریب اور مستحق لوگوں میں ملبوسات کی تقسیم کی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر سیتا اکا نے کہا کہ ریاستی حکومت انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے بڑی غریب اور مستحق لوگوں کی فلاح و بہبود ترقیاتی کاموں کو انجام دے رہی ہے تاکہ ریاست تلنگانہ کی ترقی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کے علاوہ خصوصی طور پر کسانوں کی ترقی اور فلاح بہبود کے کاموں کو انجام دینے کوشاں ہیں، بعد ازاں علیحدہ تلنگانہ تحریک کے جہد کار کمرم بھیم کے مجسمہ پر پھول کا ہارڈالتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر عوام اور کانگریس پارٹی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔