جی۔20 کے توسط سے ہندوستان کی پہل کی ستائش
نئی دہلی :مستقبل میں صحت کی آفات اور وباؤں سے لڑنے کیلئے جی۔ 20ممالک نے کاغذوں پر اپنی منظوری دے دی ہے۔ حالانکہ، عالمی سطح پر یہ کیسے شکل اختیار کرے گا؟ اس کی ذمہ داری ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کو سونپی گئی ہے جو اگلے مئی 2024 میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں اس وبائی بیماری کے معاہدے کو پیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق اس سال جی۔20 کے ذریعے ہندوستان شروع سے ہی عالمی سطح پر وبائی مرض کا معاہدہ کرنے کی پہل کر رہا ہے۔ اب تک تمام ممالک کے نمائندوں نے جی۔20 ہیلتھ گروپ کی تین مختلف میٹنگوں میں اس پر تبادلہ خیال کیا ہے، جس پر گجرات کے گاندھی نگر میں منعقدہ جی۔20 وزرائے صحت کے اجلاس میں حتمی معاہدہ پایا گیا ہے۔جمعہ کو اس میٹنگ میں ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ہندوستان نے کئی قابل تعریف اقدامات کیے ہیں جنہیں عالمی سطح پر اپنایا جاسکتا ہے۔ مرکزی وزارت کے مطابق ہندوستان کی سربراہی میں وبا کے معاہدے پر تمام ممالک کی رضامندی حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے۔