یروشلم: مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں یہودی قوم پرستوں کے متنازع پرچمی جلوس سے قبل سخت کشیدگی پائی جارہی ہے۔یہودی قوم پرست مارچ سے قبل مقدس احاطے میں آ جا رہے تھے اور ان کی فلسطینیوں سے جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری بھی مسجدِاقصیٰ کے احاطے میں تعینات کی گئی ہے۔یہودی قوم پرست 1967 کی مشرق اوسط جنگ میں مقبوضہ بیت المقدس پراسرائیل کے قبضے کا جشن منارہے ہیں اور وہ سیکڑوں کی تعداد میں قدیم شہرکی تنگ وتاریک سڑکوں پر نعرے لگاتے ہوئے جلوس نکال رہے ہیں۔انھوں نے کٹڑ یہود کا مذہبی لباس زیب تن کررکھا ہے۔فلسطینی تنظیموں نے خبردارکیا ہے کہ شہر کے مسلم حصے میں پرچم لہرانے کی پریڈ اسرائیلیوں کے ساتھ ان کے عشروں قدیم تنازع کو دوبارہ بھڑکا سکتی ہے اور نئی مسلح کشیدگی کا سبب بن سکتی ہے۔یہود کا جلوس شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل پولیس نے کچھ فلسطینیوں کوالاقصیٰ کے احاطے میں واقع ایک مسجد کے اندر بند کردیا۔