مدینہ ۔4 جون (سیاست ڈاٹ کام) احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے مدینہ میں احد پہاڑ کے قریب مسجد سید الشہداء نمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق مدینہ میں وزارت اسلامی امور کے دفتر کی نگرانی میں مسجد میں جمعہ و نماز باجماعت کی بحالی سے پہلے تمام تر احتیاطی و حفاظتی تدابیر کو یقینی بنایا گیا ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ مسجد کو متعدد مرتبہ سینیٹائز کرنے کے بعد ہدایات کے مطابق صفوں کو استوار کیا گیا ہے۔تمام نمازی ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی کر رہے ہیں جبکہ بیشتر اپنی جانماز اپنے ساتھ لا رہے ہیں۔مسجد کا وضو خانہ بند ہے جبکہ قرآن پاک کے تمام نسخے ہٹا لیے گیے ہیں جبکہ پینے کا پانی نمازیوں کو فراہم نہیں کیا جا رہا۔واضح رہے کہ مسجد سید الشہداء احد پہاڑ کے قریب جبل الرماہ کے دامن میں واقع ہے جہاں اسلامی تاریخ کا اہم معرکہ پیش آیا تھا۔مسجد کے قریب غزوہ احد میں شہید ہونے والے 70 صحابہ سمیت حضرت حمزہؓ بھی دفن ہیں۔مسجد میں 15 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے، یہ مسجد نبویﷺ سے تین کلو میٹر دور ہے۔