مسجد کے اندر فائرنگ میں درجنوں نمازی ہلاک

   

نتیابوانی: برکینا فاسو کے نتیابوانی قصبے کی ایک مسجد کے اندر یہ حملہ فجر کی نماز کے وقت ہوا، جس میں درجنوں نمازی ہلاک ہو گئے۔ ملک میں باغیوں کی جانب سے عبادت گاہوں اور مذہبی رہنماؤں پر حملے تیز ہوتے جا رہے ہیں۔افریقی ملک برکینا فاسو میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مسجد میں فجر کی نماز کے وقت درجنوں افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ جس دن مسجد پر یہ حملہ ہوا، اسی روز ایک چرچ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔مسجد کے اندر فائرنگ کا واقعہ فجر کی نماز کے دوران ہوا، جہاں بندوق برداروں نے نتیابوانی قصبے میں مسجد کو چاروں طرف سے گھیر لیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق یہ حملہ اتوار کی صبح ہوا۔مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار مشین گنوں سے لیس سینکڑوں عسکریت پسندوں نے اس حملے کو انجام دیا۔سوشل میڈیا پر غیر تصدیق شدہ رپورٹس بتاتی ہیں کہ مسجد پر حملے میں مرنے والوں کی تعداد حکام کی طرف سے دی گئی گنتی سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔نتیابوانی، جہاں پر یہ حملے ہوئے، برکینا فاسو کا شورش زدہ مشرقی علاقہ ہے، جہاں متعدد مسلح گروپ سرگرم ہیں۔قصبے کے ایک مقامی باشندے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ”متاثرین میں سبھی مسلمان تھے، جو مسجد میں نماز ادا کرنے پہنچے تھے اور ہلاک ہونے والے بیشتر مرد ہیں۔”