وجئے شانتی ، سابق مئیر بی کارتیکا ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین بی جے پی سے رابطے میں
حیدرآباد :۔ انتخابات میں مسلسل شکست سے دوچار کانگریس پارٹی جہاں سیاسی بحران کا شکار ہے وہیں سیاسی وفاداریاں تبدیل کرتے ہوئے قائدین سب سے قدیم کانگریس پارٹی کو جھٹکے دے رہے ہیں ۔ اسمبلی انتخاب کے بعد پارٹی کی سرگرمیوں سے اپنے آپ کو دور رکھنے والی تلنگانہ پردیش کانگریس تشہیری کمیٹی کی صدر نشین سابق رکن پارلیمنٹ وجئے شانتی بی جے پی کے رابطے میں ہیں ۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے وجئے شانتی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں بی جے پی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے ۔ اس کے بعد کانگریس کے قائدین نے بھی وجئے شانتی کے مکان پہونچکر انہیں منانے کی کوشش کی ۔ تلنگانہ کانگریس کے نئے انچارج مانکیم ٹیگور بھی وجئے شانتی کے گھر پہونچے اور انہیں منانے کی کوشش کی ۔ مگر وجئے شانتی نے اپنے مستقبل کے بارے میں ابھی تک کوئی موقف کا اظہار نہیں کیا ۔ مگر باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وجئے شانتی بی جے پی قائدین سے رابطے میں ہیں اور کسی بھی وقت بی جے پی میں شامل ہوسکتی ہیں ۔ دوسری طرف کانگریس کی قائد سابق مئیر بنڈا کارتیکا ریڈی بھی بی جے پی سے رابطہ میں ہیں ۔ وہ 2009-12 تک گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی مئیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں ۔ اسمبلی کے عام انتخابات میں وہ اسمبلی حلقہ سکندرآباد سے ٹکٹ کی دعویدار تھی ۔ ٹکٹ نہ ملنے پر وہ بھی کانگریس کی سرگرمیوں سے دور ہیں اور بی جے پی سے رابطہ میں ہے اور کسی بھی وقت بی جے پی میں شامل ہوسکتی ہے ۔ اس طرح اور بھی کانگریس اور ٹی آر ایس قائدین بی جے پی سے رابطے میں ہیں ۔۔