مسلمانوں اور دیگر طبقات کیلئے دلت بندھو کی طرح عنقریب اسکیم: کے سی آر

   

مرحلہ وار طور پر عمل آوری، دلت بندھو کی کامیابی کے لیے تمام طبقات تعاون کریں
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے واضح کیا کہ ریاست کے تمام مذاہب اور طبقات کو مرحلہ وار انداز میں دلت بندھو کی طرح اسکیم کے دائرہ کار میں شامل کیا جائے گا۔ پرگتی بھون میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے دلتوں کی طرح گریجنوں اور دیگر پسماندہ طبقات کیلئے دلت بندھو کی طرح مالی امداد کی اسکیم کی تجویز پیش کی۔ دلتوں کیلئے خصوصی اسکیم کے آغاز سے دیگر طبقات اور بالخصوص اقلیتوں میں پائی جانے والی بے چینی کا حوالہ دیئے جانے پر چیف منسٹر نے کہا کہ مرحلہ وار انداز میں تمام طبقات اور مذاہب کا احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بجٹ میں گنجائش رہے تو دلت بندھو اسکیم کو ریاست بھر میں عمل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دلت چونکہ سماج میں سب سے زیادہ پسماندہ ہیں لہذا حکومت نے ان کیلئے اسکیم شروع کی ہے۔ دیگر طبقات اور مذاہب کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے حکومت انہیں بھی مالی امداد کی اسکیم میں شامل کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم کی کامیابی کیلئے تمام طبقات اور مذاہب کو حکومت سے پابند کرنا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیم کا آغاز کیا تھا تو وہ اسکیم تمام طبقات کیلئے تھی اسوقت دلتوں نے مخالفت نہیں کی لہذا تمام طبقات کو دلت بندھو کے سلسلہ میں اسی طرح کا تعاون کرنا چاہیئے۔ حکومت دلت بندھو اسکیم کیلئے بجٹ میں باقاعدہ طور پر رقم مختص کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مالیاتی سال 2022-23 میں بجٹ میں اسکیم کیلئے مناسب رقم مختص کی جائے گی۔ حکومت نے 5 اسمبلی حلقہ جات کے 4 مزید منڈلوں کو اسکیم میں شامل کیا ہے۔ اس سے قبل حضورآباد اور چیف منسٹر کے اڈاپٹ کردہ گاؤں واسالا مری میں دلت بندھو اسکیم کا آغاز ہوا ہے۔R