مسلمانوں پر ملک کے غدار کا الزام، آپ تو عمل سے !!

,

   

حیدرآباد۔30 ۔ اگست (سیاست نیوز)ہندوستان کی ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی تقاریب کے دوران مرکزی حکومت اور بی جے پی نے گھر گھر ترنگا کا نعرہ دیا۔ اتوار کو دبئی کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ ٹورنمنٹ میں ہندوستان اور پا کستان کرکٹ ٹیموں کے درمیان کانٹے کی ٹکر کا مقابلہ ہوا جس میں انڈیا نے پاکستان کو شکست دے دی جس کے بعد سارا اسٹیڈیم خوشیوں سے جھوم اٹھا۔ اسٹیڈیم میں موجود سارے شائقین ٹیم انڈیا کی جیت کا جشن منارہے تھے جس کا ایک ویڈیو سوشیل میڈیا میں تیز ی سے وائرل ہورہا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے فرزند جئے شاہ جو (بی سی سی آئی) کے سکریٹری بھی ہیں ، نے میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم پہنچے تھے۔ ٹیم انڈیا کی کامیابی پر تمام شائقین کے جشن کے دوران جئے شاہ بھی دوسروں کے ساتھ اپنی نشست سے اٹھ کر ہندوستانی ٹیم کے جشن میں شامل ہوئے ۔ اسی دوران ان کی بغل والی نشست پر موجود ایک شخص نے جئے شاہ کو ہندوستان کا ترنگا پیش کیا جس کو ہاتھ میں لے کر لہرانے سے جئے شاہ نے انکار کردیا ۔ یہ ویڈیو ٹوئیٹر کے علاوہ سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس میں تیزی سے وائرل ہوگیا۔ مہاراشٹرا کانگریس نے جئے شاہ کا یہ ویڈیو ٹوئیٹر پر پوسٹ کیا اور یہ تحریر کیا کہ مرکزی وزیر داخلہ کے فرزند نے ترنگا کو چھونے سے کیوں انکار کیا ۔ اگر یہ حر کت اپوزیشن جماعتوں کے قائدین یا کسی سیاسی جماعت کے مسلم قائد ، مسلم کھلاڑی یا مسلم فلم اسٹار کی جانب سے کی جاتی تو اس کو بی جے پی کا آئی ٹی سیل (Anti National) پاکستان کا حامی ، ملک کا غدار ، بائیکاٹ xyz ٹرینڈ کے ساتھ اس کی مخالفت کرتا تھا اور گودی میڈیا کی جانب سے صبح سے شام تک اسٹوڈیوز میں اس کو موضوع بحث بناتا اور ٹیلی ویژن چیانلس پر مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کو بٹھاکر انہیں ملک کا غدار ہونے کا ٹھپہ لگانے تک چین نہیں لیا جاتا لیکن شاہ کا شہنشاہ ہونے کی وجہ سے جئے شاہ کو معاف کردیا گیا ہے ۔ ان سے کسی نے بی سی سی آئی سکریٹری کے عہدہ سے مستعفی ہونے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا اور نہ ہی بائیکاٹ ، جئے شاہ ہائش ٹیگ سے ٹوئیٹر اور دوسرے سوشیل میڈیا پر کوئی ٹرینڈ بنایا گیا ہے ۔ن