نئی دہلی :کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے آج وقف ترمیمی بل پر راجیہ سبھا میں ہو رہی بحث میں حصہ لیتے ہوئے برسراقتدار طبقہ کو پْرزور انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کو تنگ کرنے کیلئے ہر چیز میں آپ ہاتھ ڈال رہے ہیں، یہ اچھا نہیں ہے۔ آپ جھگڑے کا بیج ڈال رہے ہیں۔ آپ ان کو دبانے کی کوشش کریں گے تو آپ کو ہی اس سے پیدا ہونے والے مسائل سلجھانے پڑیں گے۔ کھرگے نے مرکزی وزیر داخلہ سے گزارش کی کہ وہ اسے انا کا مسئلہ نہ بنائیں کیونکہ مسلمانوں کیلئے یہ بل مناسب نہیں ہے اور ساتھ ہی آئین کے خلاف بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپ خیر سگالی کے ماحول کو قائم رکھنے کی کوشش کیجیے، ختم کرنے کی نہیں۔ کھرگے نے شاعرانہ انداز میں برسراقتدار طبقہ پر تنقیدکی ۔ وقف بل کی خامیوں کو سامنے رکھا اور شاعری کے ذریعہ بھی کو تنقید کی اورکہا کہ‘نظر نہیں ہے نظاروں کی بات کرتے ہیں‘زمیں پہ چاند ستاروں کی بات کرتے ہیں۔وہ ہاتھ جوڑ کر بستی کو لوٹنے والے‘بھری سبھا (مجلس) میں سدھاروں (اصلاح) کی بات کرتے ہیں۔ملی کمان (قیادت) تو اٹکی نظر خزانے پر‘ندی سْکھا کے کناروں کی بات کرتے ہیں۔۔۔ کھرگے نے کہا کہ میں آج وقف ترمیمی بل کی پورے اعتماد اور وضاحت کے ساتھ مخالفت کرنے کیلئے کھڑا ہوا ہوں۔راجیہ سبھ میں بی آر یس کے سریش ریڈی نے بھی بل کی مخالفت کی۔