کرناٹک وقف بورڈ کی نوٹس کیخلاف منعقدہ اجلاس میں مہنت کمار چندرشیکھر کا تقاضہ
بنگلور: مہنت کمار چندر شیکھر ناتھ سوامی جی کے خلاف مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے ان کے ریمارکس پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس نے جمعہ کو یہ جانکاری دی۔ چندر شیکھر سوامی جی نے یہ بیان کرناٹک وقف بورڈ کے نوٹس کے خلاف بھارتیہ کسان سنگھ کی طرف سے منعقدہ میٹنگ کے دوران دیا۔انہوں نے سب سے اپیل کی کہ وہ کسانوں اور ان کی زمین کی حفاظت کے لیے متحد ہو جائیں۔سوامی جی نے مزید کہا کہ ایسا قانون لایا جائے جس میں مسلمانوں کو ووٹ کا حق حاصل نہ ہو۔ سوامی جی نے کہا تھا، کسانوں کے ساتھ ہو رہی ناانصافی کے خلاف سب کو لڑنا چاہیے۔ کہا جاتا ہے کہ وقف بورڈ کسی کی بھی زمین پر دعویٰ کر سکتا ہے۔ یہ بہت بڑی ناانصافی ہے۔ کسی اور کی زمین چھیننا مذہب نہیں ہے۔اس لیے سب کو لڑنا چاہیے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسانوں کی زمین ان کے پاس رہے۔اس بیان کے بعد بدھ کو سوامی جی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زبان پھسل گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان بھی اس ملک کے شہری ہیں۔ انہیں ووٹنگ کا حق بھی حاصل ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ایک سماجی کارکن کی شکایت پر بدھ کو اپرپیٹ پولیس اسٹیشن میں سوامی جی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ سوامی جی کے خلاف انڈین جوڈیشل کوڈ کی دفعہ 299 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔