پرانے شہر میں تعلیمی ترقی کی ضرورت، راجہ سنگھ کی تجویز
حیدرآباد۔4 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے 12 فیصد تحفظات پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ اقلیتی بہبود پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس نے 4 فیصد تحفظات فراہم کئے جس کے نتیجہ میں تعلیم اور روزگار میں لاکھوں اقلیتی امیدواروں کو فائدہ ہوا۔ کے سی آر نے تلنگانہ تحریک کے دوران 12 فیصد تحفظات کا جو وعدہ کیا تھا ، اس پر عمل آوری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچر کمیٹی رپورٹ کے مطابق اقلیتیں دیگر طبقات سے زیادہ پسماندہ ہیں۔ کانگریس دور حکومت میں مسلمانوں کو صدر جمہوریہ اور نائب صدر جیسے اہم عہدوں پر فائز کیا گیا تھا۔ انہوں نے اقامتی اسکولوں میں سہولتوں کی کمی کا حوالہ دیا اور کہا کہ ذاتی عمارتوں کے لئے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے وعدہ کی تکمیل کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپس اور فیس باز ادائیگی پر عمل آوری نہیں کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں کئی کالجس بند ہوگئے اور اقلیتی طلبہ تعلیم سے محروم ہوچکے ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی اور حکومت کی جانب سے حاصل کردہ وقف اراضیات کا معاوضہ وقف بورڈ کو ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروباریوں کو قرص فراہم کئے جائیں کیونکہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں اقلیتی طبقہ کے محنت مزدوری کرنے والے افراد معاشی بحران کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے پرانے شہر کو استنبول کی طرح ترقی دینے سے متعلق چیف منسٹر کے وعدے کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کانگریس حکومت نے میٹرو پراجکٹ کے پہلے مرحلہ میں پرانے شہر کو شامل کیا تھا لیکن ٹی آر ایس حکومت نے پرانے شہر کو میٹرو پراجکٹ سے محروم کردیا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو دلت بندھو اسکیم کی طرح مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی کے راجہ سنگھ نے پرانے شہر میں تعلیمی سہولتوں میں اضافہ اور عثمانیہ ہاسپٹل کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں بے گھر افراد کو ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے سلسلہ میں تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اسپورٹس کے شعبہ میں سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ر