مسلمانوں کیلئے سحری و افطار کا انتظام کرنے پر ویشنو دیوی مندر انتظامیہ چیرمین سے مستعفی ہونے بجرنگ دل کا مطالبہ۔ ہندوؤں کی دلآزاری ہوئی ہے

,

   

کترا(جموں): رمضان المبارک کے مہینہ میں ویشنو دیوی مندر کترا انتظامیہ نے 500 مسلمانوں کو روزانہ سحر و افطار کا انتظام کیا تھا جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک عظیم مثال تھی۔ بجرنگ دل تنظیم نے مندر کے اس کام پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مندر بورڈ کے سی ای او کو فوری مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست جموں و کشمیر میں واقع کترا ضلع میں ویشنو دیوی مندر کے احاطہ آشیرواد بھون کوکورنٹائن مرکز میں تبدیل کردیاگیا تھا۔ ملک بھر سے واپس ہونے والے مزدوروں کو یہاں آئسولیٹ کیا جارہا تھا۔ اسی آشیرواد بھون میں تقریبا 500 مسلمان بھی تھے۔

رمضان المبارک کے پیش نظر مندر انتظامیہ نے روزانہ ان مسلمانوں کیلئے سحر و افطار کا نظم کیا۔ مندر انتظامیہ کے کارکن رات بھر جاگ کر مسلمانوں کیلئے سحر کا انتظام کرتے اور دن بھر افطار کا انتظام میں لگے رہتے تھے۔ بجرنگ دل تنظیم نے ویشنو دیوی مندر کے سی ای او سے آئندہ 72 گھنٹوں میں مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کیا۔ ٹائمس ناؤکو انٹرویو دیتے ہوئے ریاستی بجرنگ دل سربراہ نوین سوڈن نے بتایا کہ مندر بورڈ کے چیر مین رمیش کمار مسلمانوں کیلئے سحرو افطار کا انتظام کررہے تھے جس سے ہندو طبقہ کی دلآزاری ہوئی ہے۔ ہم رمیش کمار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں فوری معافی مانگیں یا پھر اس عہدہ سے مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پیسہ ہندوؤں کا ہے اور صرف ہندوؤں کے فلاحی کاموں میں استعمال کیا جانا چاہئے۔