فیروز آباد (اتر پردیش): اتر پردیش کے فیروز آباد کے ایک ہاسپٹل میں ایک مسلم شخص کی جانب سے نماز ادا کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تنازعہ کھڑا ہو گیا۔ اس واقعہ کے بعد ہندو تنظیموں نے احتجاج کیا اور ہاسپٹل انتظامیہ سے وضاحت طلب کی۔ معاملہ اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب بی جے پی کی ایم ایل اے کیتکی سنگھ نے مسلمانوں کے لیے ہاسپٹل میں علیحدہ وارڈ بنانے کا متنازعہ مطالبہ کر دیا۔ اس معاملے پر جب بی جے پی ایم ایل اے کیتکی سنگھ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے مسلمانوں کے لیے ہاسپٹل میں علیحدہ وارڈ بنانے کا مطالبہ کر دیا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ یہ مسلمانوں پر منحصر ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں ہولی سے مسئلہ ہے، انہیں رام نومی سے مسئلہ ہے، انہیں درگا پوجا سے مسئلہ ہے، ممکن ہے کہ انہیں ہندوؤں کے ساتھ علاج کرانے میں بھی مسئلہ ہو۔ میں مہاراج جی (یوگی آدتیہ ناتھ) سے درخواست کروں گی کہ مسلمانوں کے لیے الگ وارڈ بنایا جائے تاکہ وہ وہاں جا کر علاج کرا سکیں ۔