جناب اظہر الدین اور ڈاکٹر اسلام الدین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد :۔ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں مسلم نوجوان پیشہ وکالت سے وابستہ ہو کر قوم و ملت کی خدمت بہتر انداز میں کرسکتے ہیں ۔ اس وقت ملک میں قانون کی حکمرانی محض ایک خواب بن کر رہ گئی ہے ۔ مظلوموں کے لیے انصاف کا حصول ایک جوئے شیر لانے کے برابر ہوگیا ہے ۔ قانون اور دستور پر عمل آوری میں حکومتیں ناکام ہوتی جارہی ہیں ۔ اقلیتوں اور خاص طور پر مسلمانوں کو ان کے حقوق سے محروم کیا جارہا ہے ۔ ایسے نازک وقت مسلم نوجوان اس پیشہ کو اختیار کر کے جمہوری اور قانونی حقوق کے تحفظ میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد اور جناب محمد اظہر الدین سکریٹری شعبہ رابطہ عامہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگرچیکہ پیشہ وکالت ایک سخت اور صبر آزما پیشہ ہے لیکن اگر ہمارے نوجوان اسے ایک چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں تو اس پیشہ میں نہ صرف وہ کامیاب ہوں گے بلکہ وہ قوم و ملت کی حقیقی خدمت کرسکیں گے ۔ اس وقت مسلمانوں میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس پیشہ سے وابستہ کریں ۔ مستقبل میں ملت کو ڈاکٹرس اور انجینئرس سے زیادہ ایڈوکیٹس اور صحافیوں کی ضرورت ہوگی ۔ تقریب کا آغاز حافظ سید جلال الدین طارق کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ جناب مجید اللہ خاں سماجی جہدکار ، جناب معین بیگ صدر لائنس کلب ، میر عمر علی ، صدر ایس آئی او مغل پورہ یونٹ ، ڈاکٹر ناظم علی اور جناب عزیز احمد خاں ایڈوکیٹ نے بھی مخاطب کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ، ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود ایڈوکیٹ بننا چاہتے تھے اس کے لیے انہوں نے قانون کی ڈگری بھی لی لیکن وہ تدریس کے پیشہ سے وابستہ ہوگئے ۔ آج ان کا خواب پورا ہورہا ہے اور ان کے فرزند ایڈوکیٹ کی حیثیت سے اپنے کیرئیر کا آغاز کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے ان کے فرزند وکالت کو خدمت خلق کا ذریعہ بنائیں گے اور مظلوموں کی مدد کو اولین ترجیح دیں گے ۔ ایڈوکیٹ سید غیاث الدین رازی نے کہا کہ وہ اپنے سرپرستوں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔ قانون اور انصاف کے تقاضوں کی تکمیل کرتے ہوئے مظلوموں کی مدد کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں گے ۔ بعد ازاں ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد کے ہاتھوں آفس کا افتتاح عمل میں آیا ۔ اس تقریب میں دینی جماعتوں کے ذمہ داروں ، سماجی جہدکاروں ، اساتذہ برادری ، دوست احباب کے علاوہ نوجوان ایڈوکیٹس کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ عزیز احمد خاں اور سید غیاث الدین ایڈوکیٹس نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔۔