مسلم نوجوان کے ساتھ ہندو خاتون کے سفر کرنے پر بجرنگ دل کا ہنگامہ

   

بنگلورو: بس میں نوجوان ہندو خاتون کے مسلم شخص کے ساتھ سفر کرنے پر بجرنگ دل کارکنوں نے اعتراض کرتے ہوئے ہنگامہ کیا۔ یہ واقعہ فرقہ وارانہ طور پر حساس دکشن کنڑ ضلع میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق خاتون اپنے دوست کے ساتھ خانگی بس میں منگلورو سے بنگلورو کا سفر کررہی تھی۔ اس کی اطلاع ملنے پر بجرنگ دل کے کارکنوں نے منگلورو کے پمپ ویل علاقہ کے قریب بس روکنے کی کوشش کی۔ تاہم جب وہ بس کو نہ روک پائے تو کلاڈکا ٹاؤن میں ارکان کو اس کی اطلاع دے دی جنہوں نے نصف شب کلاڈکا کے قریب داساکوڈی پر بس روکی۔ انہوں نے خاتون اور مرد کے ایک ساتھ سفرکرنے پر سوال کیا۔ کارکنوں نے خاتون کو ڈانٹا اور دونوں کو بس سے نیچے اترنے کو کہا۔ بعد ازاں بنٹوال پولیس کو اطلاع دی گئی جس نے فوری وہاں پہنچ کر دونوں کو بحفاظت اپنی تحویل میں لے لیا۔ دکشن کنڑ میں دو ہفتو ں کے اندر اخلاقی پولیسنگ کا یہ چھٹا واقعہ ہے۔ بجرنگ دل کے کارکنوں سے خاتون کی بحث کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ کارکنوں نے پولیس کو بتایا کہ دونوں ایک ساتھ سلیپر بس میں سفرکررہے تھے۔
خاتون کے والدین کو طلب کیا گیا اور خاتون کو ان کے ساتھ گھر بھیج دیاگیا۔ پولیس اس معاملے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔