مس انگلینڈ کے الزامات کی جامع تحقیقات کیلئے کے ٹی آر اور سبیتا اندرا ریڈی کا مطالبہ

   

حیدرآباد ۔ 25 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے مس ورلڈ مقابلہ میں نازیبا سلوک سے متعلق مس انگلینڈ ملاماگی کے سنگین الزامات کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ تہذیب میں خواتین کا احترام کیا جاتا ہے لیکن حیدرآباد میں مس ورلڈ مقابلہ کے دوران توہین آمیز روایہ کی شکایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی مکمل جانچ ہونی چاہئے اور آئندہ ان واقعات کا اعادہ نہ ہو۔ سابق وزیر اور بی آر ایس رکن اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی نے بھی مس انگلینڈ کے الزامات کی جانچ کا مطالبہ کیا جنہوں نے حیدرآباد میں قیام کے دوران ہراسانی کی شکایت کرتے ہوئے مقابلہ سے علیحدگی اختیار کرلی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے نیشنل ویمن کمیشن اور اسٹیٹ ویمن کمیشن سے اس معاملہ میں مداخلت اور ضروری کارروائی کی اپیل کی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اس واقعہ سے تلنگانہ کا وقار مجروح ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مس انگلینڈ کے الزامات پر تلنگانہ حکومت کو جواب دینا چاہئے۔ 1
مس انگلینڈ نے نہ صرف منتظمین کے خلاف الزامات عائد کئے بلکہ یہ قومی وقار کا مسئلہ ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ اس واقعہ کے لئے چیف منسٹر اور ریاستی وزراء بھی برابر کے جواب دہ ہیں۔ 1