مشتبہ دہشت گرد کی آدتیہ راؤ کی حیثیت سے شناخت

,

   

کرناٹک پولیس نے بنگلورو ایرپورٹ پر دھماکو آلات رکھنے والے کو ذہنی مریض قرار دیا

بنگلورو ۔ /23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک پولیس نے مایوس کن نظریہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ منگلورو ایرپورٹ پر دھماکو آلات (آئی ای ڈی) سے بھرا بیاگ رکھنے والا شخص ذہنی دباؤ کا مریض اور ذہنی دباؤ کا شکار ہے ۔ مشتبہ دہشت گرد نے کل کرناٹک پولیس کے روبرو خودسپردگی اختیار کی تھی اوراس کی آدتیہ راؤ کی حیثیت سے شناخت کے بعد پولیس نے یہ بیان دیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ مشتبہ دہشت گرد شخص کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ کرناٹک ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے دفتر میں داخل ہورہا تھا ۔ خبررساں ایجنسی آئی اے این ایس نے پولیس عہدیدار کے حوالہ سے بتایا کہ آدتیہ راؤ ذہنی دباؤ کا شکار میکانیکل انجنیئر ہے جو بے روزگار ہے ۔ گزشتہ سال بنگلورو انٹرنیشنل ایرپورٹ میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے پر اس کے خلاف دو فوجداری مقدمات درج کئے گئے تھے اور چکا بالاپورہ ڈسٹرکٹ جیل میں دو ماہ رہنے کے بعد وہ ضمانت پر رہا ہوا ہے ۔ بنگلورو کے پولیس کمشنر پی ایس ہرشا نے اپنے ٹوئیٹ میں بتایا کہ منگلورو سٹی پولیس کی تحقیقاتی ٹیم عنقریب بنگلورو جائے گی اور ایم آئی اے کیس سے متعلق پیشرفت کی تحقیقات کرے گی ۔ یہ ٹیم مشتبہ شخص سے پوچھ تاچھ کرے گی اور ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ آدتیہ راؤ کا تعلق کرناٹک کے اڈوپی سے ہے اور گزشتہ دو ماہ سے ملازمت نہ ملنے پر وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا ۔ مختلف ٹوئیٹس پر کہا جارہا ہے کہ اس سے پولیس کی منافقت اور دوہرے معیار کا اظہار ہورہا ہے اور سوال کیا جارہا ہے کہ اگر مشتبہ دہشت گرد مسلم ہوتا تو کیا اس کے ساتھ ایسی ہمدردی کا مظاہرہ کیا جاتا ؟