مشرقی افغانستان میں سیلاب سے 22 افراد ہلاک

   

کابل : افغانستان کے مشرقی صوبہ وردک کے کچھ علاقوں میں ہفتہ کے روز ہونے والی شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے ۔یہ اطلاع اتوار کے روز صوبائی حکومت کے ایک بیان میں دی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ دیر رات تک صوبے کے اضلاع جلریز، چک، سید آباد، اور نورکھ میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب آیا جس سے سینکڑوں مکانات اور ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی کو نقصان پہنچا۔محکمہ قدرتی آفات کے صوبائی ڈائریکٹر فیض اللہ جلالی نے سیلاب میں 12 سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی۔دریں اثناء، افغانستان کے محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ملک کے کچھ حصوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے ۔