مشرقی گارو ہلس کے تورا علاقے میں ای ڈی کا پہلا چھاپہ

   

نئی دہلی، 4 دسمبر (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کے روز مشرقی گارو ہلس کے تورا علاقے میں اپنا پہلا چھاپہ مارا، جہاں گارو ہلس آٹونومس ڈسٹرکٹ کونسل (جی ایچ اے ڈی سی) کے فنڈ کے غلط استعمال کے الزامات کی تحقیقات ہو رہی ہے ۔ چھاپے میں ملزمان سے منسلکہ پانچ املاک کی تلاشی لی گئی۔ ای ڈی کے حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں کلیدی ملزم بوسٹن مراک، اسماعیل مراک اور ٹھیکیدار کبن سنگما اور نکسینگ سنگما ہیں۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کونسل کے تحت اسنانگ اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے لیے مختص 28.66 کروڑ روپے کا غلط استعمال کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فنڈ ان منصوبوں کے لیے استعمال نہیں کیا گیا جن کیلئے اسے جاری کیا گیا تھا۔ ای ڈی کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرکے منظور شدہ فنڈ کا تقریباً 60 فیصد دو ٹھیکیداروں کو غیر معمولی پیشگی رقم کے طور پر جاری کیا گیا۔ ایجنسی کے مطابق یہ کام اسماعیل مراک کی ہدایت پر کیا گیا اور متعدد چیک جاری کیے گئے ۔ یہ الزام ہے کہ کبن سنگما نے پوری رقم نکال کر اسماعیل مراک کے حوالے کر دی۔
جبکہ نکسینگ سنگما نے اپنا حصہ براہ راست بینک اکاؤنٹ میں جمع کرایا۔ کیس میں کونسل کے ممبران اور ٹھیکیداروں کے درمیان مبینہ ملی بھگت شامل ہے جس کے نتیجے میں ترقیاتی کاموں کے لیے جاری سرکاری فنڈ کا غلط استعمال ہوا۔