اقوام متحدہ : مشرق وسطیٰ میں امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی رابطہ کار نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملوں اور حماس کے راکٹ کی وجہ سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال ‘وسیع پیمانے پر جنگ کی طرف بڑھ رہی ہے’۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سماجی روابط کی ویب سائٹ پر ٹورویننس لینڈ نے کہا کہ ‘اس آگ کو فورا روکنا ہوگا کیونکہ ہم ایک وسیع پیمانے پر جنگ کے آغاز کی طرف بڑھ رہے ہیں’۔اقوام متحدہ کے مندوب نے تمام فریقین کو عدم استحکام کی ذمہ داری قبول کرنے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ کی قیمت تباہ کن ہے اور اس کے نتائج عام لوگ ادا کررہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ امن کی بحالی کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور اب یہ تشدد بند ہونا چاہیے۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) نے بریفنگ میں کہا کہ اقوام متحدہ اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی علاقے میں تشدد کے پھیلنے پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور ‘بچوں اور عام فلسطینی شہریوں کی پریشان کن تصاویر منظر عام پر آرہی ہیں’۔اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے جو مشرق وسطی میں فلسطینی مہاجرین کی مدد کرتی ہے، نے بچوں پر اسرائیلی فوجیوں کے مظالم کے اثرات پر ‘گہری تشویش’ کا اظہار کیا اور فریقین سے زیادہ سے زیادہ پرسکون رہنے کا مطالبہ کیا۔