متحدہ عرب امارات میں 36 لاکھ اور سعودی عرب میں 24 لاکھ تارکین وطن ، کوویت ، قطر اور بحرین میں بھی قابل لحاظ موجودگی
حیدرآباد ۔4 ۔ مارچ (سیاست نیوز) مشرق وسطی میں ہندوستانی تارکین وطن خلیجی ممالک کی معاشی ، سماجی اور تہذیبی شعبہ جات کی ترقی میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ گلف کوآپریشن کونسل کے رکن ممالک نے ہندوستانی تارکین وطن کی قابل لحاظ تعداد موجود ہے اور مشرق وسطی سے ہندوستان کے روابط صدیوں پرانے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد خلیجی ممالک میں موجود ہندوستانی برادری تشویش میں مبتلا ہیں۔ جنگ کے نتیجہ میں خلیجی ممالک کی تجارتی سرگرمیوں پر اثر پڑنے کا امکان ہے جس کا راست اثر دیگر ممالک کے ساتھ ہندوستانی تارکین وطن پر پڑسکتا ہے۔ خلیجی ممالک میں ہندوستانیوں کو قدر کی نگاہ سے اس لئے بھی دیکھا جاتا ہے کہ اہم شعبہ جات میں مہارت کے ذریعہ وہ کئی ممالک کی معاشی ترقی میں اہم رول ادا کر رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ہندوستان نے خلیجی ممالک کے ساتھ تجارتی اور دفاعی شعبہ جات میں معاہدات کے ذریعہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے ۔ مشرق وسطی میں ہندوستانی برادری جن شعبہ جات میں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے، ان میں کنسٹرکشن ، ہیلت کیر ، فینانس اور انفارمیشن ٹکنالوجی شامل ہے ۔ ہندوستان کے ساتھ خلیجی ممالک کے رشتوں کو مستحکم کرنے میں تارکین وطن نے نمایاں رول ادا کیا ہے ۔ عرب تاجروں کی ہندوستان میں آمد کی کئی سال قدیم تاریخ نے ہندوستان کے ساتھ خلیجی ممالک کے رشتوں کو مزید بہتر بنایا ہے ۔ ماضی میں کئی اہم شعبہ جات ایسے تھے جس میں تجارت کے لئے عرب تاجر ہندوستان کا رخ کرنے پر مجبور تھے۔ مسقط، بصرہ اور عدن میں واقع بندرگاہوں سے عرب تاجر اپنی تجارت کو فروغ دیتے رہے ہیں۔ مغل اور سلطنت عثمانیہ کے دور میں بھی عرب ملکوں سے تاجروں کے علاوہ اسکالرس اور مختلف پیشوں میں مہارت رکھنے والے ماہرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ۔ بیسویں صدی عیسوی میں خلیج کے ساتھ ہندوستان کے روابط مزید مستحکم ہوئے اور ہندوستانی ورکرس کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ 1970 اور 1980 کے دہے میں خلیجی تعاون کونسل کے ممالک میں ہندوستانی ورکرس کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا۔ مشرق وسطی کے ممالک میں ہندوستانی تارکین وطن کی تعداد کے اعتبار سے متحدہ عرب امارات سرفہرست ہے، جہاں 3.6 لاکھ ہندوستانی تارکین وطن موجود ہیں۔ سعودی عرب 24.6 لاکھ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ متحدہ عرب امارات کی مجموعی آبادی میں ہندوستانی تارکین وطن 36.04 فیصد ہیں جبکہ سعودی عرب میں وہ 7.58 فیصد درج کئے گئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ کوویت میں ہندوستانی تارکین وطن کی تعداد 9.9 لاکھ ہے جبکہ قطر میں 8.3 لاکھ ہندوستان عمان میں 6.8 لاکھ ہندوستانی تارکین وطن خدمات انجام دے رہے ہیں۔ دیگر ممالک میں بحرین ، اردن ، یمن ، ایران، ترکیہ، لبنان ، مصر، عراق اور لیبیا میں بھی ہندوستانی تارکین وطن کی قابل لحاظ تعداد موجود ہے۔ ایک سروے کے مطابق کنسٹرکشن ، انفارمیشن ٹکنالوجی ، آرٹیفشل انٹلیجنس ، فینانس اور ہیلت کیر شعبہ میں ہندوستانی پروفیشنلس نے اپنی علحدہ شناخت بنائی ہے۔1