فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی ہر گز ممکن نہیں
قاہرہ : مصرنے غزہ سے فلسطینیوں کے جبری انخلاء سے متعلق تجاویز سامنے آنے کے بعد امریکہ کو دوٹوک الفاظ میں جواب دیا ہے کہ فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی ہر گز ممکن نہیں۔ بعض ٹی وی چیالنجس نے اطلاع دی ہے کہ مصر نے امریکہ کو غزہ کی پٹی کے مکینوں کو بے گھر کرنے کے منصوبہ پر عمل درآمد کے ناممکن ہونے کے بارے میں مطلع کیا ہے ۔ قاہرہ نے باور کرایا کہ غزہ کے باشندوں کو بے گھر کرنے سے متعلق اس کا موقف تبدیل نہیں ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ مصر اس بات پر زور دیتا ہے کہ وہ فلسطینی باشندوں کو بے گھر کئے بغیر غزہ کی تعمیر نو کا ویژن ہونا چاہئے اور غزہ کے باشندوں کو بے گھر کئے بغیر ان کے اندر موجود رہنے پر اصرار کرتا ہے۔ میڈیا کے مطابق مصر اور اسرائیل کے درمیان تقریباً نصف صدی تک جاری رہنے والے امن معاہدہ کو اب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے غزہ کی پٹی کے منصوبہ سے خطرہ لاحق ہے ۔ مصری حکومت نے جمعرات کو غزہ سے فلسطینیوں کی منتقلی کی کوششوں کو بین الاقوامی قانون کی ’کھلی خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا جس سے جنگ بندی مذاکرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور مشرق وسطیٰ میں تعلقات کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔