قاہرہ : مصری وزیر خارجہ سمیح شکری نے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے بات چیت مین دو طرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی و عالمی مسائل پر بھی غور کیا۔ مصری امور خارجہ کے مطابق، یہ بات چیت ٹیلیفون پر ہوئی جس میں دو طرفہ ترقیاتی،اقتصادی اور عسکری تعاون کے فروغ سمیت دونوں ملکوں کے مابین اسٹریٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔بات چیت میں سوڈان،لیبیا ،نائجر اور شام کے بحران سمیت عرب وزرا رابطہ کونسل کے قاہرہ میں منعقدہ پہلے اجلاس اور مقبوضہ فلسطین کی صورتحال کے علاوہ علاقائی و عالمی مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ وزرا نے خطے میں بڑھتے تنازعات کے خلاف مشترکہ کوششیں کرنے اور تعاون کو بڑھانے کے لیے مشاورت جاری رکھنے کی بھی خواہش ظاہر کی۔