قاہرہ: مصر کے ساحل پر ایک سیاحتی آبدوز ڈوب گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعہ میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ یہ واقعہ 27 مارچ کو بحیرہ احمر کے مشہور سیاحتی مقام غردقہ مرینہ کے قریب پیش آیا جب ‘سندباد’ نامی آبدوز میں بچوں سمیت 40 سے زائد سیاح سوار تھے ۔حکام کے مطابق 29 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے ۔روسی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 4 روسی شہری بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آبدوز مرجانی چٹان سے ٹکرانے کے بعد ڈپریشرائزیشن کا شکار ہوئی جس سے یہ 65 فٹ گہرائی میں ڈوب گئی۔ زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے ۔ حکام نے ابھی تک حادثے کی اصل وجوہات کا تعین نہیں کیا ہے ۔