مظفر نگر میں مسجد کیلئے سکھ شخص کی طرف سے اراضی کا عطیہ

   

مظفر نگر 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں ایک 70 سالہ سکھ شخص نے گرونانک دیو کے 550 ویں یوم پیدائش کے موقع پر مسلمانوں کو مسجد کی تعمیر کے لئے اراضی کا ایک خطہ بطور عطیہ دیدیا۔ سماجی کارکن سکھ پال سنگھ بیدی نے ضلع کے پرکازی علاقہ میں اتوار کو یہ اعلان کیا۔ بیدی نے نگر پنچایت کے ذمہ دار ظہیر فاروقی کو 900 مربع فٹ کے پلاٹ کی دستاویزات حوالے کیا۔ پیرکازی ٹاؤن میں مسلمانوں کی اکثریت ہے۔ بیدی نے کہاکہ وہ اس اقدام کے ذریعہ امن و فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مساوات و باہمی احترام سے متعلق گرونانک کے پیغام کو عام کرنا چاہتے ہیں۔ ان دونوں طبقوں کے عوام نے بیدی کے مثالی اقدام کی ستائش کی۔