نئی دہلی ۔ 8 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے آج کہا کہ ہندوستانی معیشت کی بنیادیں مستحکم ہیں اور ملک میں پریشانی اور خوف کی کوئی صورتحال نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض مرتبہ سست روی کا عمل ہوتا ہے اور اس طرح کا مرحلہ ملک کی ترقی کی شرح کو متاثر نہیں کریگا ۔ انہوں نے معیشت ‘ سست روی اور بیروزگاری پر ایک پریس کانفرنس کے دوران سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آج ساری دنیا میں معاشی سست روی کا سلسلہ چل رہا ہے اور اس کے نتیجہ میںہندوستانی بازار بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں لوگوں کا رویہ بلد گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس پر فکرمندی کی ضرورت نہیں ہے ۔ جو کچھ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے حکومت کر رہی ہے ۔ یہ ایک عارضی مرحلہ ہے اور ہم حقیقی سست روی کی سمت نہیں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کی بنیادیں مستحکم ہیں اور عوام کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔