معاشی مجرمین کو ہتھکڑی نہ پہنانے پارلیمانی پیانل کی سفارش

   

حیدرآباد۔14۔نومبر(سیاست نیوز) پارلیمانی پیانل نے معاشی جرائم کے گرفتار شدگان کو ہتھکڑی پہنانے کے سلسلہ کو ترک کرنے اور اس قانونی گنجائش کو حذف کرنے کی سفارش کی ہے اور کہا کہ تمام معاشی مجرمین پر اس کے اطلاق کے سبب معمولی سے بڑے معاشی جرائم کے مرتکب کو بھی ہتھکڑی پہنائی جانے لگی ہے جو درست نہیں ہے۔ پارلیمانی پیانل کی سفارش کا حکومت کے محکمہ داخلہ سے جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔ پارلیمنٹری اسٹینڈنگ کمیٹی برائے امور داخلہ نے جو کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج لعل کی زیر نگرانی کام کر رہی ہے بھارتیہ ناگرک سرکھشا سنہیتا BNSS کے مسئلہ پر پولیس حراست والے افراد کے حقوق کا جائزہ لینے کے دوران اس نتیجہ میں پہنچی ہے کہ بھارتیہ سکھشا ادھیانم 2023 کے استحقاق بالخصوص معاشی مجرمین کو ہتھکڑی پہنانے کے معاملہ میں سفارش کرکے کہا کہ پولیس عملہ کو جن مجرمین سے خطرہ ہوتا ہے یا قتل ‘ عصمت ریزی اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم کے مجرمین کو جس طرح سے ہتھکڑی پہنائی جاتی ہے اس طرح سے معاشی جرائم کے ملزمین کو گرفتار نہیں کیا جانا چاہئے بلکہ انہیں بغیر ہتھکڑی کے حراست میں رکھا جاسکتا ہے ۔

اور عدالت میں پیش کیا جاسکتا ہے اسی لئے مجوزہ بل میں معاشی جرائم کے لفظ کو حذف کرکے انہیں دیگر سنگین مجرمین کی فہرست میں نہ رکھا جائے۔