ٹی آر ایس پر غیر ضروری الجھن پیدا کرنے کا الزام ، مرکز کی جانب سے ہر ممکن تعاون
حیدرآباد۔3 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اغذیہ و سیول سپلائیز پیوش گوئل نے راجیہ سبھا میں بتایا کہ تلنگانہ حکومت کے ساتھ کئے گئے معاہدہ کے مطابق مرکزی حکومت کسانوں سے دھان خریدے گی۔ ٹی آر ایس ارکان کی جانب سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر وضاحت طلبی پر پیوش گوئل نے بتایا کہ دھان کے حصول کے سلسلہ میں تلنگانہ کے ساتھ پہلے ہی یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوچکے ہیں اور اسی کے مطابق مرکز عمل کرے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں وہ چیف منسٹر کے سی آر کو پہلے ہی واقف کراچکے ہیں ۔ خریف سیزن کی مکمل فصل کو مرکز حاصل کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر سال دھان کی خریدی میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ سے 2018-19 ء میں 51.9 لاکھ ٹن دھان حاصل کیا گیا جبکہ 2019-20 ء میں 74.5 لاکھ میٹرک ٹن اور 2020-21 ء میں 94.5 لاکھ میٹرک ٹن دھان حاصل کی گئی ۔ پیوش گوئل نے کہا کہ دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ سے زائد مقدار میں دھان کی خریدی کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ خریف سیزن میں 50 لاکھ ٹن کا معاہدہ کرتے ہوئے تلنگانہ نے صرف 32.66 لاکھ ٹن دھان حوالے کیا ہے۔ تلنگانہ حکومت کو معاہدہ کے مطابق عمل کرنا چاہئے ۔ پیوش گوئل نے کہا کہ تلنگانہ کے اعداد و شمار اور حقائق میں کافی تضاد ہے۔ تلنگانہ سے 24 لاکھ ٹن بائلڈ رائس کی خریدی کا معاہدہ کیا گیا تھا لیکن مرکز نے اسے بڑھاکر 44 لاکھ ٹن کیا ہے۔ ابھی تک 27 لاکھ ٹن بائلڈ رائیس تلنگانہ سے حاصل ہوا ۔ مزید 17 لاکھ ٹن کا حصول باقی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مرکز نے مستقبل میں بائلڈ رائیس کی عدم خریدی کے بارے میں پہلے واضح کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اس معاملہ میں غیر ضروری الجھن پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت زرعی شعبہ کے معاملہ میں تلنگانہ کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ ر