عالمی یوم معذورین تقریب ، گورنر سوندرا راجن نے معذور بچوں سے ملاقات کی
حیدرآباد۔3 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے معذورین کو خود مکتفی بنانے کے لئے حکومت اور خانگی سطح پر اقدامات کی اپیل کی۔ گورنر نے کہا کہ سماج میں دیگر افراد کی طرح معذورین کیلئے بھی ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ گورنر سوندرا راجن بین الاقوامی یوم معذورین کے موقع پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ پر امپاورمنٹ برائے معذورین کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ گورنر نے وزیراعظم نریندر مودی کا حوالہ دیا جنہوں نے معذورین کیلئے سماجی ، معاشی ، سیاسی اور تہذیبی سطح پر یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی وکالت کی ہے۔ گورنر نے کہا کہ سماج کے ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ معذورین کی بھلائی پر غور کریں۔ سماج کی ترقی معذورین کی ترقی کے بغیر مکمل نہیں۔ انہوں نے سماج میں شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ معذورین کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی کمیوں سے حوصلہ شکن نہ ہوں بلکہ ترقی کیلئے مساعی کریں۔ گورنر نے معذور بچوں کی جانب سے پیش کردہ تہذیبی پروگرام کی ستائش کی ۔ انہوں نے معذورین کے ٹیچرس اور ٹرینرس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے معذورین کی ٹریننگ میں اہم رول ادا کرنے والے افراد کو ایوارڈس پیش کئے ۔ ر