معذور عمرہ زائرین کے لیے مفت الیکٹریکل ویل چیئرز۔ حرمین انتظامیہ

   

ریاض ( سعودی عرب ) ۔ 28 ۔ فروری : ( کے این واصف) ماہ رمضان میں عمرہ زائرین کی تعداد بہت زیادہ ہوجاتی ہے۔ انتظامیہ زائرین کی بھرپور خدمت کے لیے سہولتوں میں اضافہ کرتا ہے۔ لہذا ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے مسجد الحرام میں رمضان المبارک کے دوران معذور افراد کے لیے الیکٹریکل اور سادی ویل چیئرز مفت فراہم کرنے کی سہولت کا آغاز کردیا ہے۔ الاخباریہ ٹی وی چینل کے مطابق رمضان المبارک میں ویل چیئرز کی فراہمی 24 گھنٹے کی بنیاد پر جاری رہے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے معمرافراد کے لیے الیکٹریکل اور نارمل ویل چیئرز کے کرایوں میں 50 فیصد رعایت کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ویل چیئرز کے دوپوائنٹس موجود ہیں جن میں پہلا اجیاد کی سمت میں مسجد الحرام کے بیرونی صحن میں ہے جبکہ دوسرا پوائنٹ مسجد الحرام کے بیرونی صحن میں شمالی جانب الشبیکہ ہے۔ معمرعمرہ زائرین کے لیے 50 فیصد کی رعایت فراہم کی جارہی ہے جن کی عمر 65 برس یا اس سے زائد ہو وہ مذکورہ پوائنٹس سے ویل چیئر رعایتی کرایوں پر حاصل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے رمضان المبارک میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں زائرین عمرہ ادا کرنے آتے ہیں جن میں بیمار اور معمر افراد بھی ہوتے ہیں، ادارہ امور حرمین کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے 24 گھنٹے کی بنیاد پر یہ سہولت فراہم کی ہے۔