ممبئی : شہر ممبئی کے معروف افسانہ نگار عبد العزیز خان 83 سال کی عمر میں ، آج مالک حقیقی سے جاملے ۔ مرحوم ادھر ایک لمبے عرصہ سے صاحب فراش تھے ۔ان کی تدفین بڑا قبرستان ، مرین لائنز میں ہوئی ، تدفین میں مرحوم کے اہل خانہ، اعزاواقف کاروں کے ساتھ صحافتی و ادبی دنیا سے صحافی شکیل رشید ، فرحان حنیف وارثی ، شاداب رشید اور سید ارشاد احسن سمیت دیگر افراد شریک تھے ۔مرحوم کے پسماندگان میں بڑے بھائی عبدالحمید خان ، اور دو چھوٹے بھائی عبدالرشید خان وعبد الطیف خان اور ایک بہن ہیں ۔ عبد العزیز خان مرحوم نیک سیرت انسان تھے ، لوگوں کی مدد کرنے پر یقین رکھتے تھے ۔ اور اردو کے پکے شیدائی تھے ۔ انگریزی میڈیم سے پڑھنے اور ہندی پر عبور رکھنے کے باوجود انھوں نے باقاعدہ اردو سیکھی اور اردو میں ہی کہانیاں لکھ کر شہرت حاصل کی ۔ اردو زبان کے ممبئی کے معروف افسانہ نگاروں انور خان ، ساجد رشید، علی امام نقوی ، مقدر حمید اورم ناگ کی صحبت نے انھیں افسانہ نگاری کی جانب مائل کیا تھا اور انتقال کے پہلے تک ان کے سات افسانوی مجموعے منظر عام پر آچکے تھے۔