پوسٹل بیالٹ کی فراہمی، پولنگ اسٹیشن پہنچنے پر مناسب سہولتوں کا فیصلہ
حیدرآباد ۔13۔نومبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے سینئر سٹیزنس اور معذورین کو رائے دہی کیلئے پوسٹل بیالٹ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد مطابق پولنگ اسٹیشن خود ضعیف افراد اور معذورین کے گھر کے دروازہ تک پہنچے گا۔ ضعیف العمر شہریوں اور جسمانی بینائی سے محروم افراد کیلئے پوسٹل بیالٹ کی سہولت رہیگی جس کے تحت وہ اپنی پسند کے امیدوار کے حق میں ووٹ دے پائیں گے۔ اسمبلی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے فیصلہ سے سینئر سٹیزنس و معذورین کو غیر معمولی سہولت ہوگی اور انہیں گھر سے پولنگ اسٹیشنوں تک سفر اور طویل قطاروں میں انتظار کی زحمت سے نجات مل جائے گی۔ وہ اپنے گھر میں ووٹ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی و ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس کے مطابق گھر پر رائے دہی کی سہولت کیلئے جن افراد نے درخواست دی ہے، انہیں پوسٹل بیالٹ فراہم کیا جائے گا ۔ ایسے افراد کے گھر ایک مکمل پولنگ اسٹیشن پہنچے گا جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشن ، وی وی پیاٹ ، پولنگ آفیسر اور ویڈیو گرافر شامل ہیں۔ رونالڈ راس کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر سیزنس اور معذورین کی قیامگاہ پر شیڈول کے مطابق مکمل پولنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا جس میں رائے دہی کیلئے سہولتوں کے علاوہ سیاسی پارٹیوں کے ایجنٹس اور فوٹو گرافرس موجود رہیں گے۔ تیاریوں کیلئے بوتھ سطح کے عہدیدار 80 سال سے زائد عمر کے سینئر سٹیزنس اور معذورین کی قیامگاہ پہنچ کر جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا وہ اپنے گھر پر رائے دہی کی سہولت سے استفادہ کرینگے۔ بوتھ سطح کے عہدیداروں نے حیدرآباد میں 107751 ووٹرس میں 12D فارم تقسیم کئے ہیں، ان میں سے 80 سال سے زائد عمر کے 83558 سینئر سٹیزنس اور 24163 معذورین ہیں۔ سینئر سٹیزنس اور معذورین اگر گھر پر رائے دہی کا فیصلہ کریں تو انہیں پوسٹل بیالٹ فراہم کیا جائے گا جس کے بعد وہ پولنگ اسٹیشن پہنچ کر رائے دہی میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔ ایسے سینئر سٹیزن اور معذورین جو پولنگ اسٹیشن پہنچ کر رائے دہی کو ترجیح دیں ، ان کی سہولت کیلئے ریمپ، پانی ، شیڈ، ویٹنگ ایریا اور ٹائلیٹس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔